Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / مختلف محکمہ جات کو بجٹ پر تجاویز روانہ کرنے کی ہدایت

مختلف محکمہ جات کو بجٹ پر تجاویز روانہ کرنے کی ہدایت

کرناٹک کے طرز پر تلنگانہ میں مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل کا منصوبہ ، چیف سکریٹری کے احکامات

کرناٹک کے طرز پر تلنگانہ میں مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل کا منصوبہ ، چیف سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد۔/12ستمبر، ( سیاست نیو) چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جاریہ ماہ کی 15تاریخ تک اپنے محکمہ جات کے بجٹ سے متعلق تجاویز حکومت کو پیش کردیں۔ مالیاتی سال 2014-15 کے بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں حکومت نے روایتی طریقہ کار سے انحراف کرتے ہوئے 14 علحد ٹاسک فورس کمیٹیاں تشکیل دی جنہیں مختلف محکمہ جات کے بجٹ کی تیاری کا کام تفویض کیا گیا۔ مختلف محکمہ جات کے پرنسپال سکریٹریز، سکریٹریز اور حکومت کے مشیروں پر مشتمل ٹاسک فورس کمیٹیوں نے بجٹ تجاویز کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے تاہم بتایا جاتا ہے کہ صرف 5ٹاسک فورس کمیٹیوں نے ابھی تک حکومت کو اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ مزید 9 کمیٹیوں کی جانب سے بجٹ تجاویز پیش کرنا ابھی باقی ہے۔ چیف سکریٹری نے ٹاسک فورس کمیٹیوں میں شامل عہدیداروں کے ساتھ آج اجلاس منعقد کرتے ہوئے 15ستمبر تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ بجٹ کو قطعیت دیتے ہوئے اسے اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک کی طرز پر تلنگانہ حکومت بھی ہر 50کروڑ روپئے مالیاتی منظوریوں کے سلسلہ میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت نے 14 ٹاسک فورس کمیٹیوں کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے آج تک کی مہلت دی تھی لیکن 9کمیٹیاں ابھی تک مختلف وجوہات کے سبب بجٹ کو قطعیت نہیں دے سکیں۔ بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں تمام محکمہ جات نے روایاتی انداز میں اپنی تجاویز حکومت کو روانہ کردی تھی لیکن چیف منسٹر نے ان تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے عہدیداروں کو یہ ہدایت دی کہ وہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے نئے انداز سے بجٹ تجاویز طئے کریں۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی نئی اسکیمات پر کامیاب عمل آوری پر توجہ دی جائے اور بجٹ مختص کرنے میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ان مدات میں بجٹ مختص نہ کیا جائے جن کا خرچ ہونا ممکن نہیں۔

TOPPOPULARRECENT