Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / مختلف مقامات سے ایک کروڑ 30 لاکھ روپئے برآمد

مختلف مقامات سے ایک کروڑ 30 لاکھ روپئے برآمد

پولیس کی بڑے پیمانے پر مہم، آسام و برما کے 98 افراد زیرحراست
حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی انتخابات کی مہم میں شدت پیدا ہونے سے قبل ہی حیدرآباد و سائبرآباد پولیس کروڑہا روپئے کی رقم تلاشی مہم کے دوران ضبط کررہی ہے۔ بڑے پیمانے پر کی جارہی کارروائی کے نتیجہ میں پولیس کو بھاری رقومات کی منتقلی کا انکشاف ہورہا ہے۔  آج پولیس نے خصوصی کارروائی میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپئے ضبط کرلئے۔ تفصیلات کے بموجب بنجارہ ہلز پولیس نے زہرہ نگر چوراہے کے قریب تلاشی مہم کے دوران ایک تاجر کی کار AP9CC 6212 کو روک کر اُس کی تلاشی لی جس میں پولیس نے 92 لاکھ روپئے برآمد کئے۔ روڈ نمبر 11 سے تعلق رکھنے والے سشیل کمار اگروال اپنے ہمراہ تھیلوں میں اِس بھاری رقم کو منتقل کررہا تھا کہ پولیس نے اُسے حراست میں لے لیا اور ضبط شدہ رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالہ کردیا۔ اسی طرح کالاپتھر پولیس نے بھی آج تاڑبن چوراہے پر ایک شخص کی تلاشی لی جس پر پولیس کو 4 لاکھ 80 ہزار روپئے نقد رقم برآمد ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ وقارآباد سے تعلق رکھنے والے رام بھدرا راجو تاڑبن کے ساکن فخرالدین کو مذکورہ رقم حوالہ کرنے کالاپتھر علاقہ پہونچا تھا جہاں پر پولیس نے اُس کی گاڑی کو روک لیا۔ پولیس نے دستاویزات کی عدم موجودگی پر ضبط شدہ رقم کو آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے حوالہ کردیا۔ سائبرآباد پولیس نے بھی خصوصی کارروائی کے دوران ملکاجگیری میں 15 لاکھ روپئے نقد رقم ضبط کرلئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریٹائرڈ ریلوے ملازم یہ سرویا اپنی کار میں مذکورہ رقم منتقل کررہا تھا کہ اُسے تلاشی مہم کے دوران روک لیا اور اُس کے قبضہ سے رقم برآمد کرلی۔ حیات نگر علاقہ میں بھی پولیس نے تلاشی مہم کے دوران ایک شخص کے قبضہ سے 19 لاکھ روپئے برآمد کرلئے۔ سی ایچ وینکٹ رمنا ساکن چیتنیا پوری اپنی کار AP24AK 3303 میں مذکورہ لاکھوں روپئے کی نقد رقم منتقل کررہا تھا کہ پولیس نے اُسے روک لیا اور تلاشی کے دوران اُس کی کار سے نقد رقم برآمد کی گئی۔ تحقیقات میں پولیس کو پتہ چلا کہ وینکٹ رمنا اراضی خریدنے کے سلسلہ مذکورہ رقم منتقل کررہا تھا۔ اس دوران ساؤتھ زون پولیس کی تلاشی مہم کے دوران آسام و برما سے تعلق رکھنے والے 98 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT