Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / مداح نے آفریدی کے کھانے کا بل ادا کردیا

مداح نے آفریدی کے کھانے کا بل ادا کردیا

آکلینڈ ، 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور اوپنر احمد شہزاد نیوزی لینڈ میں کھانے کیلئے ایک ہوٹل پہنچے مگر وہ اپنا بٹوا ٹیم کے ہوٹل میں بھول گئے تھے، جس کے باعث انھیں بل ادا کرتے وقت مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ تاہم ان کے مداح نے بل ادا کرکے ان کی بڑی مشکل آسان کر دی۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان اور نوجوان بلے باز مختصر طرز والی کرکٹ کی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد اس وقت مشکل کا شکار ہوئے جب انھیں رسٹورنٹ میں کھانے کا آرڈر دینے کے بعد احساس ہوا کہ وہ پیسے ساتھ نہیں لائے۔ تاہم ان کے پاکستانی نژاد مداح وقاص نوید نے دونوں کھلاڑیوں کا بل ادا کر کے کرکٹ اسٹارز کو شرمندگی سے بچا لیا۔ وقاص نے بعد میں مقامی چینل ’ون نیوز‘ کو بتایا کہ ’’میں نے یہ صرف ان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے ادا کیا۔ ہر پاکستانی فرد کرکٹ کا بڑا مداح ہے اور ہمارے نیشنل اسٹارز کو یہاں آکلینڈ میں دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی‘‘۔ آفریدی کچھ دن قبل لاہور میں صحافی کی جانب سے ایک سوال پر ناگوار جواب دینے پر شدید تنقید کی زد میں آئے تھے مگر نیوزی لینڈ پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال ہوا۔ آفریدی ماضی میں اپنے بیانات کی وجہ سے سزا بھی بھگت چکے ہیں۔ پاکستانی ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ونڈے میچز کھیلے گی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 15 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT