Tuesday , December 12 2017
Home / ہندوستان / مدھیہ پردیش اوراترپردیش میں 8 مشتبہ دہشت گرد گرفتار

مدھیہ پردیش اوراترپردیش میں 8 مشتبہ دہشت گرد گرفتار

راجیہ سبھا کے وقفہ صفر میں مرکزی وزیر داخلہ کا بیان، وضاحتیں آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا تیقن
نئی دہلی۔10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) 8 مشتبہ افراد کو تاحال مدھیہ پردیش کی ٹرین بم دھماکے کے سلسلہ میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔ مابعد انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے نتیجہ میں ایک مبینہ دہشت گرد سیف اللہ لکھنو میں ہلاک کردیا گیا۔ وقفہ صفر کے دوران مدھیہ پردیش اور اترپردیش کے 7 اور 8 مارچ کے واقعات کے بارے میں بیان دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے راجیہ سبھا میں کہا کہ سیف اللہ کے والد سرتاج نے اپنے بیٹے کی نعش آخری رسومات کے لیے حاصل کرنے سے انکار کردیا۔ راجیہ سبھا کے ارکان نے ان کی بھرپور ستائش کی اور پورے ایوان میں میزیں تھپ تھپانے کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ وزیر داخلہ کے بیان کے بعد کئی اپوزیشن ارکان نے ان سے وضاحتیں دریافت کیں۔ راج ناتھ سنگھ نے تیقن دیا کہ آئندہ کام کے دن وہ ہر رکن کے سوال کا جواب دیں گے۔ چھ ملزمین کو 8 مارچ تک گرفتار کیا جاچکا ہے۔ مزید 2 ملزمین کو یو پی اے ٹی ایس نے گرفتار کیا۔ سیف اللہ حاجی کالونی کی ایک قیام گاہ میں روپوش تھا۔ اسے زندہ گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن اس نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا اور اے ٹی ایس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔ 12 گھنٹے کی فائرنگ کے بعد اے ٹی ایس ٹیم سیف اللہ کے کمرے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں مشتبہ دہشت گرد ہلاک کردیا گیا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے دیگر واقعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے اس کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کی پولیس کارروائی بروقت ہوئی جس کے نتیجہ میں قومی سلامتی کو درپیش خطرہ کامیابی سے ناکام بنایا جاسکا۔ سرتاج کی ستائش کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پورے ملک کو ان پر فقر ہے۔ پورے ایوان میں بلالحاظ پارٹی وابستگی ارکان کو اپنے میزیں تھپتھپاکر راج ناتھ سنگھ کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ سرتاج کا بیان پورے ملک کے عوام کے جذبات کا اظہار ہے۔ دہشت گردی سے کوئی سمجھوتہ نا ممکن ہے۔ سی پی آئی ایم کے سیتارام یچوری نے کہا کہ چونکہ مرکزی وزیر نے اس مسئلہ پر بیان دیا ہے ، اس لیے ارکان کو بھی وضاحت طلبی کی اجازت دی جائے۔

TOPPOPULARRECENT