Thursday , August 16 2018
Home / ہندوستان / مدھیہ پردیش میں وزارت ِ اعلیٰ امیدوار کا اعلان کیا جائے : سندھیا

مدھیہ پردیش میں وزارت ِ اعلیٰ امیدوار کا اعلان کیا جائے : سندھیا

بھوپال۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر جیوتر ادتیہ سندھیا نے آج پارٹی پر زور دیا ہے کہ مدھیہ پردیش میں آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے چیف منسٹر امیدوار کے ناموں کا جلد سے جلد اعلان کرے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مدھیہ پردیش میں اس اعلیٰ ترین عہدہ کیلئے کئی ایک چہرے موجود ہیں۔ سندھیا نے مزید کہا کہ ہر پارٹی کی ہر ریاست میں الگ الگ پالیسی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا یہ مطالبہ صرف مدھیہ پردیش کی حد تک محدود نہیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ ہر ریاست میں پہلے ہی سے چیف منسٹر کے ناموں کا اعلان کیا جائے، تاہم مدھیہ پردیش میں جہاں اس اعلیٰ عہدہ کیلئے کئی ایک قدآور قائدین موجود ہیں، وہاں ضرور ناموں کا اعلان کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نہ ہی بی جے پی اور نہ ہی کانگریس ہر ریاست میں قبل از وقت چیف منسٹر کے امیدواروں کا اعلان کرتی ہے تاہم جن ریاستوں میں بھی اس اعلیٰ ترین عہدہ کیلئے امیدوار موجود ہو، وہاں بہرحال ایسا کرنا چاہئے۔ بقول ان کے سیاسی حالات بدل گئے ہیں۔ حتی کہ لوگ کارپوریشن انتخابات میں بھی اپنے کارپوریٹرس کا چہرہ پہلے دیکھنا چاہتے ہیں۔ حلقہ اسمبلی منگاؤلی اور کولارس میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں حلقوں میں عوام کی حمایت کانگریس کے ساتھ ہے۔

TOPPOPULARRECENT