Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / مدینہ منورہ سے حجاج کرام کے مزید دو قافلوں کی حیدرآباد آمد

مدینہ منورہ سے حجاج کرام کے مزید دو قافلوں کی حیدرآباد آمد

آج سے آندھرا پردیش کے حجاج کی آمد ہوگی ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 25۔ ستمبر (سیاست نیوز) مدینہ منورہ سے حجاج کرام کے دو قافلے سعودی ایرلائینس کے خصوصی پروازوں سے آج حیدرآباد پہنچے۔ 21 ستمبر سے آج تک جملہ 9 قافلے حیدرآباد واپس ہوئے جن میں جملہ 3630 حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس ہوئے ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ساتواں قافلہ جو اتوار کی رات 11 بجکر 50 منٹ پر حیدرآباد پہنچنے والا تھا، مدینہ منورہ میں طیارہ میں تکنیکی خرابی کے سبب تاخیر ہوئی۔ 450 حجاج کرام کی گنجائش والے طیارہ میں خرابی کے سبب دوسرے طیارہ کا انتظام کیا گیا جس کی گنجائش 410 تھی۔ اس طرح 40 حجاج کرام مدینہ منورہ ایرپورٹ پر روک دیئے گئے۔ 410 حجاج کا ساتواں قافلہ صبح 4 بجکر 50 منٹ پر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں رک جانے والے 40 حجاج کرام کیلئے سعودی ایرلائینس میں کھانے اور دیگر سہولتوںکا انتظام کیا۔ انہیں شیڈول فلائیٹ کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کیا گیا ۔ شیڈول فلائیٹ میں 50 حجاج کرام تھے اور 40 کے منجملہ 39 حجاج کرام کے ساتھ 89 حجاج کرام کا قافلہ شیڈول فلائیٹ کے ذریعہ آج دوپہر 11.30 بجے حیدرآباد پہنچا۔ حجاج کا نواں قافلہ جس میں 448 حجاج کرام شامل تھے، آج سہ پہر 3.30 بجے حیدرآباد پہنچا۔ اس قافلہ میں تلنگانہ کے 151 ، کرناٹک کے 290 اور آندھراپردیش کے 9 حجاج کرام شامل ہیں۔ 9 قافلوں کے بعد تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ کل 26 ستمبر سے آندھراپردیش کے قافلوں کی آمد شروع ہوگی۔ آخری قافلہ 29 ستمبر کو واپس ہوگا جس میں تینوں ریاستوں کے حجاج کرام شامل رہیں گے۔ اسی دوران 2 طیاروں میں اوور لوڈ ہونے کے سبب 124 بیاگیجس کو اتارلیا گیا تھا، انہیں شیڈول فلائیٹ کے ذریعہ روانہ کیا گیا۔ یہ بیاگیجس حج ہاؤز کی ساتویں منزل پر سعودی ایرلائینس کی نگرانی میں محفوظ کردیئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جن حجاج کرام کے یہ بیاگیجس ہیں، وہ صبح 10.30 تا 4 بجے شام ضروری کاغذات پیش کرتے ہوئے حاصل کرسکتے ہیں۔ بیاگیجس کے سلسلہ میں حج کمیٹی کی جانب سے حجاج کرام کو علحدہ طور پر اطلاع دی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT