مرادآباد میںبی جے پی ریالی کا اعلان ،دفعہ 144نافذ

مرادآباد۔/25جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) وی ایچ پی اور بی جے پی کی جانب سے مجوزہ ریالی کے اعلان کے بعد مقامی پولیس نے علاقہ میں دفعہ 144نافذ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ کانٹھ میں مندر سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کے خلاف ایک طرف جہاں وی ایچ پی اور بی جے پی کی جانب سے احتجاجی ریالی نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہیں کانگریس کی جانب سے امن ریالی منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم مقامی انتظامیہ نے لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کے مقصد سے علاقہ میں سختی کے ساتھ دفعہ 144نافذ کردیا ہے۔ ڈی آئی جی مرادآباد گلاب سنگھ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کسی کو بھی علاقہ میں امن کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی آواز اٹھانے کیلئے آزاد ہے مگر یہ سماجی انتشار کی بنیاد پر نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ4جولائی کو بی جے پی کی جانب سے مہا پنچایت منعقد کرنے کے اعلان کے بعد پولیس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوگئی تھی جو کہ اکبر پور گاؤں میں ایک مندر سے لاؤڈ اسپیکر ہٹادینے کے خلاف منعقد کی جانے والی تھی۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT