Sunday , November 18 2018
Home / شہر کی خبریں / مراکز رائے شماری اور اسٹرانگ رومس کے لیے سخت سیکوریٹی

مراکز رائے شماری اور اسٹرانگ رومس کے لیے سخت سیکوریٹی

نگرانی کی ذمہ داری سی آر پی ایف کو تفویض ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر اور سٹی پولیس کمشنر کا دورہ
حیدرآباد۔یکم۔نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے حدود میں موجود حلقہ جات اسمبلی میں انتخابی عمل کے سلسلہ میں انتظامات بالخصوص رائے شماری اور انتخابی مواد کے علاوہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو محفوظ رکھنے کے لئے تیار اسٹرانگ روم کا کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور ضلع الکٹورل آفیسر نے کمشنر سٹی پولیس مسٹر انجنی کمارکے ہمراہ معائنہ کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا کہ ان مقامات پر کوئی مرمت یا اضافی سیکیوریٹی انتظامات کی ضرورت ہے یا نہیں ! بعد ازاں مسٹر دانا کشور نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد کے حدود میں موجود 15رائے شماری مراکز میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اورآئندہ دنوں کے دوران بھی ان معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں ہر اسمبلی حلقہ کے مراکز رائے شماری اور اسٹرانگ رومس جہاں الکٹرانک ووٹنگ مشین رکھی جائیں گی ان مقامات پر سخت سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور سی آر پی ایف کو ان مراکز کی نگرانی تفویض کی جائے گی ۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآبادمیں پر امن اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ بہتر سے بہتر سیکیوریٹی انتظامات کے علاوہ درکار عملہ کی خدمات حاصل کی جائیں ۔انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے حلقہ جات اسمبلی میں خدمات کی انجام دہی کیلئے 27ہزار کا عملہ درکار ہے جس میں ضلع الکٹورل آفیسر کی جانب سے 23ہزار 500 ملازمین کے عملہ کی خدمات کا حصول شروع کردیا گیا ہے جبکہ مابقی عملہ کے حصول کے لئے محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنے محکمہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین وعہدیداروں کی فہرست روانہ کریں ۔ ضلع الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ آئندہ 3یوم کے دوران رائے دہی عملہ کی تربیت کے انتظامات کئے جائیں گے اور اس کے بعد اسٹرانگ روم میں موجود الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو سی سی ٹی وی کے علاوہ سخت سیکیورٹی کے درمیان حلقہ جات اسمبلی کے مراکز کو روانہ کردیا جائے گا اور اس روانگی کی نگرانی بھی سی آر پی ایف کی جانب سے کی جائے گی ۔ مسٹر انجنی کمار کمشنر سٹی پولیس نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جا رہے ہیں اور ان انتظامات میں نوڈل آفیسر کے تقرر کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ نوڈل آفیسر کے طورپر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے اور انہیں اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ الیکشن ریٹرننگ آفیسر‘ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے علاوہ دیگر انتخابی عہدیداروں سے مسلسل رابطہ میں رہیں اور کسی بھی طرح کے احکام یا شکایات پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

TOPPOPULARRECENT