Friday , September 21 2018
Home / عرب دنیا / مرسی کے 120 حامیوں کو 3 سال سزائے قید

مرسی کے 120 حامیوں کو 3 سال سزائے قید

قاہرہ ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی ایک عدالت نے معزول اسلام پسند صدر محمد مرسی کے 120 محروس حامیوں کو 3 سال کی سزاء سنائی۔ گذشتہ سال جھڑپوں اور کئی افراد کی ہلاکت کے مقدمہ میں یہ فیصلہ سنایا گیا ہے۔ محمد مرسی کی گذشتہ سال جولائی میں فوج کی جانب سے معزولی کے بعد ان کے اور حامیوں کے خلاف کئی مقدمات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور آج سنایا گیا فیصلہ اس کی ایک کڑی ہے۔ عدالت نے بتایا کہ 6 اکٹوبر کو وسطی قاہرہ میں اسلام پسندوں کے مظاہرہ اور سیکوریٹی فورسیس اور عام شہریوں سے جھڑپوں کے نتیجہ میں 24 افراد ہلاک اور 90 زخمی ہوئے تھے۔ اس مقدمہ میں جہاں 120 ملزمین کو سزاء سنائی گئی وہیں 6 کو بری کردیا گیا ہے تاہم اس سزاء کے خلاف اپیل کی جاسکتی ہے۔ مصر میں 1973ء عرب اسرائیل جنگ کی یاد کے موقع پر ملک گیر تشدد میں مجموعی طور پر 50 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مرسی کی معزولی کے بعد سے مصر میں احتجاجی مظاہرے روز کا معمول بن گئے ہیں اور ان کی بحالی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ آئے دن جھڑپیں ہورہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT