Thursday , November 15 2018
Home / شہر کی خبریں / مرکزی بجٹ میں تلنگانہ و آندھراپردیش ریاستیں نظرانداز

مرکزی بجٹ میں تلنگانہ و آندھراپردیش ریاستیں نظرانداز

مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج، حکومتوں کی اپیلیں اکارت ثابت، پون کلیان جدوجہد شروع کرنے تیار
حیدرآباد ۔ 3 فبروری (سیاست نیوز) مرکزی بجٹ میں رقومات مختص کرنے میں تلگو ریاستوں کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کے خلاف دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں نہ صرف سخت احتجاج کیا جارہا ہے بلکہ مرکزی حکومت کے تعلق سے دونوں تلگو ریاستوں میں شدید مخالفت کا اظہار پایا جارہا ہے۔ دونوں ریاستی حکومتوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور کی گئی اپیلوں کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کردیئے جانے کے پیش نظر اپنے احتجاج کا سخت الفاظ میں اظہار کیا جارہا ہے لیکن بجٹ کے تعلق سے جنا سینا قائد و ممتاز تلگو فلمسٹار مسٹر پون کلیان نے اب تک اپنا کوئی اظہارخیال نہیں کیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے کم سے کم بجٹ بھی مختص نہیں کئے جانے کی وجہ سے دونوں ریاستوں کے تلگو عوام میں سخت ناراضگی و مایوسی پائی جارہی ہے۔ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے پولاورم پراجکٹ امراوتی راجدھانی کی ترقی، وجئے واڑہ میٹرو ریل وغیرہ میں کسی کیلئے بھی بجٹ میں رقومات مختص نہیں کئے گئے۔ وشاکھاپٹنم ریلوے زون کو مکمل طور پر نظرانداز ہی کردیا گیا بلکہ مرکزی حکومت بھول ہی گئی جبکہ تلنگانہ میں مشن بھگیرتا، مشن کاکتیہ، کالیشورم پراجکٹ، قاضی پیٹ ریلوے ویاگنس فیکٹری کے علاوہ دیگر کسی بھی پراجکٹ کیلئے کسی بھی نوعیت کا بجٹ مختص نہیں کیا گیا۔ لہٰذا بجٹ کے مسئلہ پر چیف منسٹر آندھراپردیش کے ساتھ ساتھ تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کئی ایک وزراء اپنی مایوسی و ناراضگی کا اظہار کرچکے ہیں۔ اس طرح تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے گذشتہ دن پیش کردہ مرکزی بجٹ بالکلیہ طور پر مایوس کن ثابت ہوا ہے اور دونوں ریاستوں کے تمام طبقات میں مرکزی حکومت کے تعلق سے سخت برہمی پائی جارہی ہے جبکہ آندھراپردیش کیلئے کسی بھی نوعیت کی قربانی کیلئے تیار رہنے کا تلگودیشم اور ریاست کے ساتھ انصاف کیلئے جدوجہد کرنے کا وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمان نے اظہار کیا ہے اور بالخصوص بتایا جاتا ہیکہ آندھراپردیش و تلنگانہ کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کے خلاف جنا سینا قائد و تلگو فلم اسٹار مسٹر پون کلیان نے جدوجہد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع کی جارہی ہیکہ بہت جلد مسٹر پون کلیان مرکزی حکومت کے خلاف شروع کی جانے والی اپنی جدوجہد کے شیڈول کا اعلان کریں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT