Sunday , November 19 2017
Home / سیاسیات / ’مرکزی حکومت پر آر ایس ایس کا راست کنٹرول‘

’مرکزی حکومت پر آر ایس ایس کا راست کنٹرول‘

سنگھ پریوار کے اجلاس میں وزراء کی کارکردگی پر رپورٹس کی پیشکشی دستور کی خلاف ورزی : سی پی آئی (ایم)

نئی دہلی 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) نے آر ایس ایس ۔ بی جے پی کے رواں مشترکہ اجلاس میں مرکزی وزراء کی جانب سے اپنی کارکردگی پر رپورٹ کی پیشکشی کی سخت مذمت کرتے ہوئے آج کہاکہ مرکزی بی جے پی وزراء کا یہ اقدام جمہوریت کے مغائر ہے اور ایک ایسا عمل ہے جس سے صاف طور پر یہ ظاہر ہوجاتا ہے کہ مرکزی حکومت پر سنگھ پریوار کا ’’راست کنٹرول‘‘ ہے۔ سی پی آئی (ایم) نے آر ایس ایس اور اس کی حلیفوں پر نہ صرف سیکولرازم کے اُصولوں کے لئے خطرات پیدا کرنے کا الزام عائد کیا بلکہ یہ اندیشہ بھی ظاہر کیاکہ ایسے اقدامات سے وہ (سنگھ پریوار اور بی جے پی) ہندوستان کو ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کمیونسٹ جماعت نے وزیراعظم نریندر مودی پر بھی الزام عائد کیاکہ وہ ایسی کوششوں کی ’’سرپرستی و حمایت‘‘ کررہے ہیں۔ سی پی آئی (ایم) نے اپنے صحافتی بیان میں کہاکہ ’’مرکزی وزراء کی جانب سے اپنے کاموں کے بارے میں تفصیلی رپورٹس قومی دارالحکومت میں جاری مشترکہ اجلاس میں آر ایس ایس قائدین کو پیش کی گئی ہیں۔ یہ اقدام ہندوستانی جمہوریت کے مغائر ہے۔

اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ آر ایس ایس نہ صرف ایک ریموٹ کنٹرول ہے بلکہ بی جے پی حکومت پر اُس کا راست کنٹرول ہے اور حکومت آر ایس ایس کے سیاسی شعبہ کے طور پر کام کررہی ہے‘‘۔ ہندوستان کو ’ہندو راشٹرا‘ میں تبدیل کرنے آر ایس ایس کے مبینہ ایجنڈہ کا تذکرہ کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) نے کہاکہ اِس کا مقصد سیکولر و جمہوری ہندوستانی دستور کے بنیادی ضوابط کے خلاف ہے۔ مرکزی وزراء کا یہ عمل اُن کی حلف برداری کے موقع پر دستور اور دفتر کی رازداری کے مطابق کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی بھی ہے۔ سی پی آئی (ایم) نے کہا ہے کہ ’’آر ایس ایس اور اُس کی ہندوتوا محاذی تنظیمیں سیکولرازم کے بنیادی اصولوں کو روز مرہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اِس اجلاس میں شرکت کرنے والے کئی افراد فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی پر مبنی تقاریر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سی پی آئی (ایم) نے کہاکہ وہ دستوری ضوابط کی اِن بدترین خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتی ہے۔ اِس قسم کے عناصر کی سرکوبی کے بجائے وزیراعظم اور مرکزی حکومت ایسی حرکات کی سرپرستی و حمایت کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT