Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکزی حکومت کی پری اینڈ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ

مرکزی حکومت کی پری اینڈ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ

ویب سائٹ بار بار بند ، فارمس کے آن لائن ادخال میں مشکلات،مداخلت کرنے مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ سے درخواست
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( نمائندہ خصوصی ) : مرکزی حکومت کی پوسٹ اور پری میٹرک اسکالر شپس کے لیے درخواست فارمس داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 اگست مقرر ہے لیکن افسوس کہ اس کی ای پاس سائٹ دن میں درجنوں مرتبہ بند ہورہی ہے اور گھنٹوں بند رہتی ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ سائٹ دن میں تو بار بار بند ہوجاتی ہے تاہم رات کے اوقات میں کھول دی جاتی ہے ۔ اقلیتی طلبہ کی اس اسکالر شپس کے لیے تیار کردہ اس ویب سائٹ کے ساتھ ایسا کیوں ہورہا ہے ؟ اقلیتی طلباء اور ان کے سرپرستوں کو پریشان کیوں کیا جارہا ہے ؟ اور دن کی بجائے رات کے اوقات میں ویب سائٹ کیوں کھولی جارہی ہے ؟ یہ ایسے سوالات ہیں جن کے جواب ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے عہدیداروں کے پاس ہے اور نہ ہی محکمہ اقلیتی بہبود کے حکام اس کا کوئی جواب دے پا رہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کیفے اور مالی منفعت کے لیے کام کرنے والے دیگر اداروں کو فائدہ پہونچانے کی غرض سے دن میں ٹکنیکی خرابی کی وجہ بتاتے ہوئے سائٹ جان بوجھ کر بند رکھی جارہی ہے ۔ اعلیٰ حکام کی ان مبینہ حرکتوں سے صرف اور صرف طلباء اور اولیائے طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ چنانچہ روزنامہ سیاست کی جانب سے اسکالر شپ فارمس کے آن لائن ادخال کا جو اہتمام کیا گیا وہاں کثیر تعداد میں طلباء و اولیائے طلبہ فارمس کے ادخال کے لیے پہنچ رہے ہیں ۔ انہیں کئی گھنٹوں تک سائٹ کے کھلنے کا انتظار کرنا پڑرہا ہے اولیائے طلبہ نے مرکزی وزیر اقلیتی بہبود محترمہ نجمہ ہبت اللہ سے گذارش کی ہے کہ وہ اس اہم ترین مسئلہ پر توجہ دیں اور اسکالر شپس کے آن لائن ادخال کی تاریخ میں توسیع کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT