Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / مرکزی وزراء سے حکومت تلنگانہ کی ستائش ، بی جے پی قائدین کی حکومت پر تنقیدیں

مرکزی وزراء سے حکومت تلنگانہ کی ستائش ، بی جے پی قائدین کی حکومت پر تنقیدیں

کریم نگر میں آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 8جنوری (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے کہا کہ مرکزی وزراء تلنگانہ حکومت کی بھرپور ستائش کررہے ہیں جبکہ بی جے پی قائدین سیاسی مقصد براری کے لیے حکومت پر تنقید میں مصروف ہیں۔ کے ٹی آر نے کریم نگر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزراء تلنگانہ حکومت کی کارکردگی کی تعریف کررہے ہیں جو بی جے پی کے مقامی قائدین کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی اکثر ملاقات کے موقع پر کے سی آر اور ان کے نظم و نسق کی بھرپور ستائش کرتے ہیں۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ عام طور پر تحریک چلانے والے اچھے ایڈمنسٹریٹر نہیں ہوتے لیکن تلنگانہ کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں کے سی آر جیسی قیادت ملی ہے۔ کے سی آر نے نہ صرف کامیابی سے تحریک چلائی بلکہ کامیاب ایڈمنسٹریٹر کی طرح حکومت چلارہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو دہلی جاکر مرکزی وزراء کی رائے جاننی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین حکومت کے خلاف گلی میں تنقید کررہے ہیں جبکہ دہلی میں بی جے پی کے مرکزی وزراء حکومت کی بہتر کارکردگی کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی الزام تراشی پر توجہ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر مہیش شرما نے اپنے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر تلنگانہ حکومت کی ستائش کی اور کہا تھا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو دوراندیش قائد ہیں۔ جنہوں نے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کئی مرکزی وزراء تلنگانہ حکومت کی ستائش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرح ترقی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ اس کے علاوہ ’’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘‘ میں تلنگانہ نمبر ون ہے اور یہ کے سی آر کی کامیاب قیادت کا نتیجہ ہے۔ ان کی دوراندیشی اور بہتر ایڈمنسٹریشن کے سبب یہ کارنامہ وجود میں آیا جس کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے۔ برقی کے شعبہ میں تلنگانہ خود مکتفی ہوچکی ہے اور کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں مفت برقی سربراہی کی اسکیم نہیں ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس قائدین یہ کہتے رہے کہ جدوجہد کرنے والوں کو حکومت چلانے کا تجربہ نہیں ہوتا اور ٹی آر ایس قائدین نئی ریاست میں ناکام ہوجائیں گے۔ کے سی آر کی قیادت میں ہم نے ان اندیشوں کو غلط ثابت کیا ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ تلنگانہ آئی ٹی ایکسپورٹ میں ملک میں نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے۔ 87 ہزار کروڑ کا آئی ٹی ایکسپورٹ تلنگانہ سے ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ضلع میں آئی ٹی شعبہ کو وسعت دے رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کے لیے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے وزیر آبپاشی ہریش رائو کی قیادت میں آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر کی ستائش کی ۔

TOPPOPULARRECENT