Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکزی وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ کا دورہ حیدرآباد

مرکزی وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ کا دورہ حیدرآباد

20 ستمبر کو اقلیتوں کی تعلیم پر پروگرام ، 21 ستمبر کو دائرۃ المعارف کا دورہ
حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ 21ستمبر کو دائرۃ المعارف کا دورہ کریں گی اور مرکزی حکومت کی جانب سے منظورہ پراجکٹ پر عمل آوری کے سلسلہ میں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کریں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ نجمہ ہبت اللہ 20ستمبر کو اقلیتوں کی تعلیم سے متعلق ایک پروگرام میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچ رہی ہیں۔ اقلیتی بہبود کے ذرائع نے بتایا کہ نجمہ ہبت اللہ تلنگانہ میں مرکز کی اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے حال ہی میں جن نئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے ان کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ’ ہماری دھرور ‘ اسکیم کے تحت دائرۃ المعارف کیلئے 37.7کروڑ روپئے کا پراجکٹ منظور کیا گیا ہے اس پراجکٹ پر پانچ برسوں میں عمل آوری کی جائے گی اور تلنگانہ حکومت 10فیصد خرچ برداشت کرے گی۔ پراجکٹ کے تحت دائرۃ المعارف میں موجود تمام عربی کتابوں اور نادر مخطوطات کا انگریزی زبان میں ترجمہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ ملک کی وہ پہلی ریاست ہے جہاں مرکز نے اس قدر خطیر رقم کسی پراجکٹ کیلئے مختص کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT