Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا

مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا

وزیر دفاع منوہر پاریکر ، مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی اور مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول کی اجلاس میں شرکت
نئی دہلی ۔ /18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج جموں و کشمیر کی صیانتی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ کیونکہ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے وادی کشمیر میں بے چینی کا سلسلہ جاری ہے ۔ اور اس کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ ایک گھنٹہ طویل اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ نے ریاستی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں وزیر دفاع منوہر پاریکر ، مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی اور مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول نے شرکت کی ۔ سینئر صیانتی عہدیداروں نے اعلیٰ سطحی وزراء کو وادی کشمیر میں موجودہ صورتحال کی تفصیلات اور بحالی امن کیلئے کئے ہوئے اقدامات سے واقف کروایا ۔ وزراء نے 80 ہزار کروڑ روپئے کے کشمیر پیاکیج کی عمل آوری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا ۔ گزشتہ نومبر میں وزیراعظم نریندر مودی نے مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کیلئے 80 ہزار کروڑ روپئے کے مالی پیاکیج کا اعلان کیا تھا ۔ وادی کشمیر میں حزب المجاہدین کے دہشت گرد برہان وانی کی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد ایک ماہ سے زیادہ مدت پہلے کے واقعہ کے بعد وادی کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو ہنوز جاری ہے ۔ 64 افراد بشمول دو ملازمین پولیس ہلاک اور ہزاروں دیگر زخمی ہوچکے ہیں ۔ /9 جولائی سے فوج اور عوام کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT