مرکزی کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ کی حیدرآباد آمد کی تیاریاں

تلنگانہ میں کانگریس رکنیت سازی زوروشور سے جاری، محمد علی شبیر کا بیان

تلنگانہ میں کانگریس رکنیت سازی زوروشور سے جاری، محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس کی رکنیت سازی میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ 20 اور 22 جنوری کو ڈگ وجئے سنگھ حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کے استحکام کے معاملے میں پارٹی قائدین اور دانشوروں سے اجلاس منعقد کرتے ہوئے تجاویز طلب کریں گے۔ آج گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا کی صدارت میں بی سی سی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سکریٹری مسٹر کنٹیا کے علاوہ دوسرے اے آئی سی سی مبصرین کی آمد اور ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ 20 تا 22 جنوری تک ڈگ وجئے سنگھ پارٹی کے مختلف قائدین سے ملاقات کریں گے۔ اضلاع اور شہر پر مشتمل 130 قائدین کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے۔ پارٹی کی شکست کا جائزہ لینے کے علاوہ پارٹی کے استحکام سے متعلق 11 موضوعات پر قائدین سے تجاویز طلب کئے جائیں گے۔ 8 پیانلس تیار کئے گئے ہیں اور ہر پیانل میں 16 قائدین شامل رہیں گے۔ ہر پیانل سے ڈگ وجئے سنگھ 2 گھنٹوں تک مشاورت کریں گے۔ تجاویز اور مشوروں کو رپورٹ کی شکل میں دہلی روانہ کیا جائے گا جس کا صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی کو قطعیت دیں گے۔ ڈگ وجئے سنگھ 20 جنوری کو 10 بجے دن حیدرآباد پہنچیں گے۔ 11 بجے دن گاندھی بھون کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ 12 بجے دن سے پیانلس کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوگا۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی 20 لاکھ رکنیت سازی کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ ابھی تک 14.5 لاکھ لوگوں کو کانگریس کا رکن بنایا گیا ہے، جس میں 4.5 لاکھ ممبر شپ بشمول سی ڈیز گاندھی بھون میں جمع ہوگئے ہیں۔ اضلاع صدور سی ڈیز کے کام میں مصروف ہیں۔ وہ بھی جلد از جلد گاندھی بھون پہنچ جائیں گے۔ کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں توسیع کی گئی ہے۔ لہٰذا رکنیت سازی کے نشانے میں مزید 5 لاکھ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ 22 جنوری کو ماہرین دانشوروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان سے بھی تجاویز طلب کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT