Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / مرکز پر تنقید سے گریز کرنے ریاستوں کو مشورہ

مرکز پر تنقید سے گریز کرنے ریاستوں کو مشورہ

ریاستوں اور مرکز کو مل کر کام کرنا چاہئے : ایم وینکیا نائیڈو
وجئے واڑہ 10 اپریل (پی ٹی آئی) مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ ریاستوں اور مرکز کو ایک دوسرے پر تنقید نہیں کرنی چاہئے بلکہ مل کر کام کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کی جانب سے مرکزی حکومت کے فنڈس مختص کرنے اور دیگر مسائل پر ناراضگی کے اظہار کے چند دن بعد مرکزی وزیر شہری ترقی کے ریمارکس کو ریاست اور مرکز دونوں جگہوں پر حلیف جماعتوں بی جے پی اور تلگودیشم پارٹی کے درمیان اختلافات میں مزید شدت کے اشارہ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ ویمن انٹرپرینئرس کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب میں مرکزی وزیر شہری ترقی نے کہاکہ ’’ریاستوں اور مرکز کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ ایک دوسرے پر تنقید کرنے کی کوئی بات نہیں ہے‘‘۔ گزشتہ ہفتہ چندرابابو نائیڈو نے ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف عطا کرنے کے مطالبہ پر مرکز کے رویہ، دارالحکومت کی تعمیر کے لئے فنڈس الاٹ کرنے ، اے پی اور تلنگانہ کے درمیان سرکاری ملازمین کی تقسیم اور متعلقہ مسائل پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ چندرابابو نائیڈو نے مرکزی محکمہ پی ٹی کے سکریٹری سنجے کوٹھاری سے کہا تھا کہ ان کے احساسات سے وزیراعظم کو واقف کروائیں۔ چیف منسٹر آندھراپردیش کا نام لئے بغیر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ مرکز پر تنقید کرنے کا کوئی نکتہ نہیں ہے۔ یہ ٹیم انڈیا ہے اور ترقی ہی واحد ایجنڈہ ہے۔ ریاستوں اور مرکز کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ وہ اس بات کی بھرپور کوشش کررہے ہیں کہ دو تلگو ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے ساتھ انصاف ہو۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے اُن کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ ریاستوں کو مرکز پر تنقید کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا ان کے ریمارکس چندرابابو نائیڈو کے تنقیدی ریمارکس کے تناظر میں تو نہیں ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ ان کے ذہن میں کوئی شخص نہیں تھا۔ قابل توجہ بات یہ ہے کہ مرکزی وزیر نے ویمن انٹرپرنیئرس سے مخاطب کرتے وقت موروثی سیاست کے بارے میں بھی چند تبصرے کئے۔ انھوں نے کہاکہ ’’میں موروثی سیاست کا مخالف ہوں۔ سیاست میں کردار اور قابلیت ضروری درکار چیزیں ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT