Sunday , July 22 2018
Home / شہر کی خبریں / مرکز کی بیگم حضرت محل اسکالر شپ کی رقم میں اضافہ کا امکان

مرکز کی بیگم حضرت محل اسکالر شپ کی رقم میں اضافہ کا امکان

نویں تا بارہویں کی طالبات کیلئے 50 فیصد نشانات ضروری ، والدین کی آمدنی 2 لاکھ سے کم ہونی چاہئے

حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت ہند کی وزارت اقلیتی اُمور کی جانب سے فراہم کی جانے والی بیگم حضرت محل اسکالر شپ کی رقم میں اضافہ کئے جانے کی توقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت ہند نے مولانا آزاد فاؤنڈیشن کی جانب سے لڑکیوں کو فراہم کی جانے والی اسکالر شپ کی رقم میں اضافہ کا منصوبہ تیار کیا ہے اور آئندہ بجٹ کے دوران اس رقم میں اضافہ کو منظوری فراہم کئے جانے کی توقع ہے۔ بیگم حضرت محل اسکالر شپ جوکہ نویں جماعت تا بارہویں جماعت کی طالبات کو فراہم کی جاتی ہے اس کے لئے طالبات کو 50 فیصد تک نشانات حاصل کرنا لازمی ہے۔ اقلیتی طبقات کی طالبات کو فراہم کی جانے والی اس اسکالر شپ کیلئے مسلم، عیسائی، سکھ، بدھسٹ، جین اور پارسی طبقات کی طالبات مستحق ہیں جنہیں 50فیصد نشانات حاصل ہوئے ہوں اور والدین کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ سے کم ہو ۔2016-17 کے دوران بیگم حضرت محل اسکالر شپ سے استفادہ کرنے والی لڑکیوں کی تعداد 33 ہزار 500 کے قریب تھی جبکہ سال 2017-18 کیلئے زائد از ڈھائی لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارت اقلیتی اُمور اور مولانا آزاد فاؤنڈیشن کی جانب سے تمام درخواست گذاروں کو اسکالر شپ کی منظوری کے سلسلہ میں مذاکرات جاری ہیں۔ جناب شاکر حسین انصاری نے بتایا کہ پہلی مرتبہ مولانا آزاد فاؤنڈیشن کو موصول ہونے والی بیگم حضرت محل اسکالر شپ کی درخواستوں کو ڈیجٹلائزڈ کیا گیا اور آئندہ دنوں میں آن لائن درخواستوں کی وصولی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طالبات اس اسکالر شپ سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکالر شپ کی رقم میں اضافہ سے متعلق حکومت کو تجویز روانہ کردی گئی ہے اور رقم میں اضافہ کے قوی امکانات ہیں لیکن یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس اسکالر شپ کی رقم میں کتنا اضافہ کیا جائیگا۔ ذرائع کے بموجب جاریہ سال درخواستوں کی وصولی میں ہونے والے اضافہ کے سبب مولانا آزاد فاؤنڈیشن نے مذکورہ اسکالر شپ اسکیم کو مزید وسعت دیتے ہوئے اس کی تشہیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کو موصولہ درخواستوں کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ نویں جماعت کے 50559 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ دسویں جماعت کے 47254 طالبات کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم 90715 طالبات کی درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ بارہویں جماعت میں تعلیم حاصل کررہی 52791 طالبات میں بیگم حضرت محل اسکالر شپ کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے چلائی جانے والی اس اسکیم سے استفادہ کنندگان کی تعداد میں آئندہ برسوں کے دوران مزید اضافہ ہوگا اور وزارت اقلیتی اُمور سے اس بات کی بھی خواہش کی جارہی ہے کہ وہ حدِ آمدنی میں اضافہ کرے تاکہ اس اسکالر شپ اسکیم سے استفادہ کنندگان کی تعداد میں مزید اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT