Tuesday , December 12 2017
Home / ہندوستان / مرہٹواڑہ اور ودربھا میں زبردست بارش کا امکان

مرہٹواڑہ اور ودربھا میں زبردست بارش کا امکان

ممبئی ۔ 20 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام) : محکمہ موسمیات نے آج یہ پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں خشک سالی سے متاثرہ ودربھا اور مرہٹواڑہ علاقوں میں زبردست بارش ہوگی جب کہ مہاراشٹرا میں 90 فیصد مانسون چھا گیا ہے ۔ محکمہ کے ڈائرکٹر مسٹر وی کے راجیو نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے 90 فیصد علاقہ میں مانسون نے احاطہ کرلیا ہے جب کہ مرہٹواڑہ اور ودربھا میں ہلکی بارش شروع ہوگئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دو دنوں میں بارش شدت اختیار کرجائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ مانسون کی ہوائیں ممبئی تک پہنچ گئی ہیں ۔ جاریہ ہفتہ یہ علاقہ بھی شدید بارش کی لپیٹ میں آجائے گا ۔ محکمہ موسمیات نے کل شب 10 بجے ممبئی میں 38.23 ملی میٹر اور مضافات میں 15.50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا ہے ۔ دریں اثناء چین نے خشک سالی سے متاثرہ ریاست میں مصنوعی بارش کے لیے حکومت مہاراشٹرا سے بات چیت کی ہے تاکہ محکمہ موسمیات کے اسٹاف کو تربیت دی جاسکے ۔ اس خصوص میں بہت جلد چین کے سائنسدانوں اور عہدیداروں کی ٹیم دورہ کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT