Saturday , January 20 2018
Home / Top Stories / مریخ کی ہندوستانی مہم کی کامیابی پر مبارکبادیوں کی بارش

مریخ کی ہندوستانی مہم کی کامیابی پر مبارکبادیوں کی بارش

نئی دہلی ۔24ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے لیکر امریکی خلائی ادارہ ناسا تک تمام کی جانب سے ایسرو کی کامیاب مریخ مہم پر مبارکبادی کے پیغامات کی بارش ہورہی ہے ۔ ایسرو نے پہلی ہی کوشش میں کامیابی سے اپنے خلائی جہاز کو سیارہ مریخ کے مدار میں نصب کردیا ہے ۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہمارے سائنسداں

نئی دہلی ۔24ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے لیکر امریکی خلائی ادارہ ناسا تک تمام کی جانب سے ایسرو کی کامیاب مریخ مہم پر مبارکبادی کے پیغامات کی بارش ہورہی ہے ۔ ایسرو نے پہلی ہی کوشش میں کامیابی سے اپنے خلائی جہاز کو سیارہ مریخ کے مدار میں نصب کردیا ہے ۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہمارے سائنسداں ملک کو عظیم تر بلندیوں تک پہنچادیں گے اور خلائی تحقیق کے شعبہ میں ملک کیلئے کئی قابل فخر کارنامے انجام دیں گے ۔ ایسرو کے سائنسدانوں کی ستائش کرتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ کارنامہ آئندہ مسئلوں کے لئے بھی سرچشمہ وجدان ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جرات ‘ خلوص اور تخیل کے ذریعہ خلائی سائنسدانوں اور محققین میں صدر نشین ایسرو ڈاکٹر کے رادھا کرشنن کی زیر قیادت اس مہم کو کامیاب بنایا ۔ امریکی خلائی ادارہ نے جس نے سب سے پہلے سرخ سیارہ پر مہم روانہ کی تھی ایسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہندوستان بھی سرخ سیارے کے مطالعہ کی مہم میں شامل ہوگیا ہے ۔

چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے ایسرو کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کیلئے لمحہ فخر ہے کیونکہ ہندوستان پہلی ہی کوشش میں اپنا خلائی جہاز مریخ کے مدار میں نصب کرنے میں کامیاب گیاہے ۔عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے بھی اس کارنامہ کو ہندوستان کیلئے قابل فخر قرار دیا اور ایسرو کو مبارکباد پیش کی۔ کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے ایسرو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیا نریندر مودی اب بھی اس کامیابی کواپنی 100دن کی حکومت کاکارنامہ سمجھتے ہیں ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن کانگریس قائد غلام نبی آزاد نے کہا کہ یہ ایک قومی کارنامہ ہے ۔ ایسرو کے سائنسداں سخت محنت کے ذریعہ اپنی اولین کوشش میں کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی حکومت کا نہیں بلکہ ایک قومی کارنامہ ہے ۔ کیونکہ یہ ابتداء سے انتہا تک جیسی مہم ہے ۔ بیجنگ سے موصولہ اطلاع کے بموجب چین نے بھی مریخ کی مہم میں کامیابی پر ہندوستان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پورے ایشیاء کیلئے ایک قابل فخر کارنامہ اور تاریخ ساز پیشرفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مریخ کے مدار میں کامیابی سے مصنوعی سیارہ نصب کرنے پر ہندوستان کو مبارکباد دیتے ہیں ۔ وزارت خارجہ چین کے ترجمان ہواچُن انگ نے ذرائع ابلاغ سے پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے مریخ کے مدار میں خلائی جہاز نصب کرنے کی مہم کیلئے ہندوستان قابل مبارکباد ہے۔

TOPPOPULARRECENT