Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / مزاح نگار مجتبیٰ حسین اور عشرت معین سیما کو ایوارڈس

مزاح نگار مجتبیٰ حسین اور عشرت معین سیما کو ایوارڈس

پٹنہ میں بین الاقوامی جشن تقریب میں ایوارڈس کی پیشکشی
پٹنہ۔26؍نومبر(پریس نوٹ) موجودہ عہد میں سرزمینِ ہند میں اردو ظرافت کی آبرو پدم شری مجتبیٰ حسین کو بزمِ صدف انٹرنیشنل نے ایک لاکھ روپے کے اپنے بین الاقوامی ایوارڈ سے سرفرازکرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی کے ساتھ 51 ہزار روپے کا بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ جرمنی میں مقیم پاکستان نژاد مصنفہ عشرت معین سیما کو پیش کیا جائے گا۔ بزمِ صدف انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے میں بتایا کہ پانچ رکنی جیوری نے بہ اتفاق راے مذکورہ فن کاروں کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔ گذشتہ سال یہ ایوارڈ جناب جاوید دانش(کنیڈا) اور ڈاکٹر واحد نظیر(دہلی) کوقطر میں پیش کیے گئے تھے جن کی عالمی سطح پر بالعموم پذیرائی ہوئی تھی۔ جناب قادری نے اس بات کی توقع ظاہر کی کہ ۲۰۱۷ء کے ایوارڈس کا اردو آبادی کی جانب سے گرم جوشانہ استقبال کیا جائے گا اور حق داروں کو حق ملنے کی پذیرائی حاصل ہوگی۔ ڈائرکٹر بزمِ نے پروگرام کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے یہ بتایا کہ آئندہ 29-30؍دسمبر 2017ء کو بزمِ کا ادبی اور تہذیبی جشن منعقد ہوگا جس میں دونوں ایوارڈ یافتگان شریک ہوںگے اور انھیں ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس موقعے سے سرسیدکی پیدائش کے دو سو سالہ جشن کے اختتامی پروگرام کے طور پر ’’سرسید کے تعلیمی تصورات‘‘ کے موضوع پر ایک بین الاقوامی سمینار بھی منعقد ہوگا۔ ہندستان کے مختلف گوشوں کے علاوہ انگلینڈ، آسٹریلیا، جرمنی، کنیڈا،ماریشس، قطراور بنگلہ دیش سے محققین، ناقدین، شعراے کرام اور ریسرچ اسکالرس شرکت کریں گے۔ اس موقعے سے ڈرامائی پیش کش اور پینل ڈسکشنس بھی رکھے گئے ہیں۔ مکتبۂ صدف کی طرف سے شائع شدہ نئی کتابوں کا اس موقعے سے اجرا بھی کیا جائے گا۔ بزمِ صدف انٹرنیشنل نے انھیں نئی نسل کا ایوارڈ پیش کرکے عالمی سطح پر اس پیغام کو عام کرنے کی کوشش کی ہے کہ شعر و ادب کا نیا منظر نامہ مرتب کرنے کے لیے ہند و پاک کے علاوہ دنیا بھر میں نئی نسل سامنے آچکی ہے۔ پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ ایوارڈ کمیٹی کے فیصلے کی بزمِ کی گورننگ کونسل نے بہ اتفاق راے توثیق کی ۔ ہندستان، کناڈا، قطر، بنگلہ دیش، سعودی عرب اور انگلینڈ کی بزمِ صدف کی کمیٹیوں نے خاص طور پر جناب مجتبیٰ حسین اور محترمہ عشرت معین سیما کو بزمِ صدف انٹرنیشنل ۲۰۱۷ ایوارڈ پیش کیے جانے پر مبارک باد دی ہے۔ بزم کے سرپرستان ، چیئرمین شہاب الدین احمد اور’’ رسالہ صدف‘‘اور مکتبۂ صدف سے متعلق تمام اصحاب نے اس ایوارڈ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT