Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / مسئلہ کشمیرکا مذاکرات کے ذریعہ ہی حل نکلے گا:امام بخاری

مسئلہ کشمیرکا مذاکرات کے ذریعہ ہی حل نکلے گا:امام بخاری

نئی دہلی،24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جامع مسجد دہلی کے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے کشمیر میں مذاکراتی عمل شروع کرنے کے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے اعلان کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل اور تنازعات کو حل کرنے کا واحد راستہ بات چیت ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی یہ بات کہتے رہے ہیں کہ کشمیر میں ایک طویل عرصے سے جاری شورش اور تشدد کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔ اسی لیے ہم نے ہندوستان اور پاکستان دونوں ملکوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بات چیت کے سلسلے کا آغاز کریں اور کشمیری عوام کو اذیت ناک صورت حال سے نجات دلائیں۔ خیال رہے کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کل آئی بی کے سابق ڈائرکٹر دنیشور شرما کو حکومت کی جانب سے مذاکرات کار مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دنیشور شرما ایک سینئر اور سبکدوش آئی پی ایس آفیسر ہیں اور وہ کشمیر میں بھی ایک عرصے تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT