Tuesday , December 11 2018

مسائل سے توجہ ہٹانے رام مندر مسئلہ کو ہوا دینے کا الزام : پوار

پونے 26 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے آج کہا کہ روزگار اور خشک سالی جیسے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے رام مندر کے مسئلہ کو ہوا دی جا رہی ہے ۔ شرد پوار نے اترپردیش چیف منسٹر آدتیہ ناتھ پر تنقید کی جنہوں نے ایودھیا میں رام کا ایک طویل قامت مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پوار نے یہاں یوم دستور کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلگتے ہوئے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مہاراشٹرا کے کئی اضلاع میں سنگین خشک سالی ہے ۔ یہاں پانی ‘ غذا اور جانوروں کے چارہ کی قلت ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ ملک کے عوام روزگار اور ملازمتیں چاہتے ہیں لیکن انہیں حکومت سے کوئی مدد نہیں مل رہی ہے ۔ عوام مشکلات کا شکار ہیں اور روزگار تلاش کر رہے ہیں ۔ عوام کی کوئی مدد کرنے کی بجائے کچھ لوگوں کی جانب سے رام مندر کے مسئلہ کو ہوا دی جا رہی ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ وہ ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کے مسئلہ میں الجھنا نہیں چاہتے ۔ جو لوگ ایسا کر رہے ہیں وہ ایسا کرنے آزاد ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ سارا ملک سلگتے ہوئے مسائل سے توجہ ہٹا رہا ہے ۔ وہ شخصی طور پر محسوس کرتے ہیں کہ کچھ غلط ہو رہا ہے ۔ انہوں نے آدتیہ ناتھ کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک چیف منسٹر لارڈ رام کا بلند و بالا مجسمہ لگانا چاہتے ہیں۔ انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ وہ ایسا کرسکتے ہیں لیکن انہیں سوچنا چاہئے کہ جو لوگ مشکلات کا شکار ہیں اور پریشان ہیں ان کے مسائل کو حل کرنا زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔

TOPPOPULARRECENT