Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / مساجد اور عیدگاہوں کی تعمیر و مرمت اور آہک پاشی کیلئے رقومات مختص

مساجد اور عیدگاہوں کی تعمیر و مرمت اور آہک پاشی کیلئے رقومات مختص

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی سکریٹری اقلیتی بہبود اور کلکٹرس کو ہدایت

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی سکریٹری اقلیتی بہبود اور کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد۔/12جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے 10اضلاع میں رمضان المبارک کے دوران مساجد اور عیدگاہوں کی تعمیر و مرمت، آہک پاشی اور دیگر بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے حکومت نے ہر ضلع کیلئے 50لاکھ روپئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹری اقلیتی بہبود اور تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ اضلاع میں مساجد اور عیدگاہوں کا سروے کرتے ہوئے بجٹ کی ضرورت کے مطابق جلد از جلد رپورٹ پیش کریں۔ کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی مساجد کو ترجیح دیں جن کی آمدنی کم ہے اور جہاں بنیادی سہولتوں کی کمی ہے۔ ایسی مساجد کی تفصیلات اور انہیں دی جانے والی امداد کے ساتھ حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے تاکہ فوری رقم جاری کی جاسکے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 9 اضلاع کیلئے فی کس 30لاکھ روپئے اور ضلع عادل آباد کیلئے 9لاکھ روپئے منظور کئے۔ چیف منسٹر نے ضلع عادل آباد کیلئے کم منظوری کی وجہ دریافت کی، جس پر بتایا گیا کہ ضلع کلکٹر عادل آباد نے جتنی ضرورت کا اظہار کیا اس کے مطابق ہی رقم منظور کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے عادل آباد سے تعلق رکھنے والے وزیر جوگو رامنا سے ربط پیدا کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ ضلع میں مستحق مساجد اور عید گاہوں کا سروے کرتے ہوئے کلکٹر کے ذریعہ رپورٹ روانہ کریں تاکہ ہر مسجد کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں امداد جاری کی جاسکے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ہر ضلع کیلئے 50لاکھ روپئے کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں کل جو منظوری دی تھی وہ رقم توقع ہے کہ پیر کے دن ضلع کلکٹرس کو پہنچ جائے گی جو متعلقہ مساجد اور عیدگاہوں کے ذمہ داروں کو جاری کریں گے۔اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے مناسب انتظامات اور شہر میں برقی کی بلاوقفہ سربراہی کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد شہر کی تمام اہم عیدگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

TOPPOPULARRECENT