Wednesday , February 21 2018
Home / اضلاع کی خبریں / مساجد سے جڑجائیں ، تمام مسائل آسان ہوجائیں گے

مساجد سے جڑجائیں ، تمام مسائل آسان ہوجائیں گے

مسجد رحمانیہ جگتیال میں منعقدہ تقریب سے جناب عامر علی خاں ، مولانا ومیض احمد ندوی اور دیگر علماء کا خطاب

 

جگتیال ۔ /14 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مساجد کی تعمیر کرنے والوں کو اللہ رب العزت جنت میں محل عطا کرے گا ۔ مسجد کو مرکزی مقام بنائیں تو مسائل کا حل آسان ہوجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید ومیض احمد ندوی اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے جگتیال میں مسجد رحمانیہ کے تعمیر جدید کے افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ کا انعقاد مولانا معراج القاسمی امام و خطیب مسجد رحمانیہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اس جلسہ میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید ومیض احمد ندوی استاد حدیث جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب مولانا محمد موسیٰ خاں ندوی استاد دارالعلوم رحمانیہ حیدرآباد ، مولانا سید حظیر القاسمی نقشبندی ناظم مدرسہ تہذیب البنات و صدر جمعیت علماء ضلع جگتیال سید محی الدین سینئر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست کریم نگر نے شرکت کی ۔ جلسہ کا آغاز حافظ انجنیئر محمد سمیر الدین معاذ کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ قاری احسان الدین نے بارگاہ رسالت میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا ۔ مولانا ومیض احمد ندوی نے مسجد کی تعمیر اور آباد کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی ۔ ہمیں نماز کو خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرنا چاہئیے جس طرح ہم نماز میں اللہ سے متوجہ ہوتے ہیں اسی طرح نماز کے بعد بھی اسی طرح زندگی گزاریں ، نوجوان نسل کو منشیات کی غلط عادتوں سے والدین روکیں ۔ اہل اللہ کے ساتھ تعلقات کو جوڑیں ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج امت کو دین کے اہم فرض کی ادائیگی کیلئے بھی وقت نہیں ہے جس کی وجہ مسائل کے شکار ہیں ۔ ہمیں اذاں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور اذاں کا صحیح انداز میں جواب دینے کی ضرورت ہے ۔ اسلام کی صحیح تعلیمات آراستہ ہونا چاہئیے ، دین اسلام پانچ چیزوں پر منحصر ہے ، کلمہ ، نماز ، روزہ ، زکواۃ ، حج ۔ ہمارے نبی ﷺ نے نمونہ حیات اور زندگی گزارنے کی تمام چیزیں بتلادی ہیں لیکن ہم اسلام پر عمل نہیں کررہے ہیں ۔ آج فجر کی نماز میں مسجدیں خالی ہیں جبکہ اللہ رب العزت نے قرآن کے دسویں سورہ میں صاف بتلادیا ہے کہ رات آرام کیلئے ہے لیکن رات کو فضول جاگنے میں گزارا جارہا ہے جس کی وجہ سے آج اس کا اثر صحت پر پڑھ رہا ہے ۔ پانچ وقت کی نماز فرض ہے اور اس کو وقت مقررہ پر ادا کرنا ہے ۔ اسی طرح کھانے کے بھی کچھ آداب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ساری انسانیت کیلئے اتاری گئی ہے ۔ زندگی کو کس طرح گزارنا ہے سب کچھ اس میں ہے جو عربی میں ہے اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ عربی میں پڑھنے سے اس کو سمجھنے سے قاصر ہیں ۔ لہذا اردو ترجمہ کے ساتھ قرآن کو پڑھا جائے تو سمجھنے میں آسانی ہوگی ۔ الحمد اللہ 15 سال سے میں قرآن کو بار بار اردو میں پڑھنے کا معمول بنالیا ہوں اس کو سمجھنے کے بعد عمل کرنے میں آسانی ہوتی ہے ۔ یکم ربیع الاول سے روزنامہ سیاست کی جانب سے حقوق العباد پر معلومات کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مسجد کی تعمیر کرنے اور اس میں حصہ لینے کو مبارکباد پیش کی اور اس کو آباد کرنے کی تلقین کی ۔ مولانا موسٰی ندوی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی مقام پر مسجد کا ہونا اس جگہ مسلمانوں کا ہونے کی دلیل ہے ۔ کسی بستی سے اذاں کی آواز آتی ہے اور جہاں تک پہنچتی ہے وہاں تک شیطان دور بھاگتا ہے ۔ اور یہ آواز کل قیامت میں اللہ کی بارگاہ میں گواہ رہے گی ، مسجد اور مدرسہ کا ایک ساتھ ہونا لازمی ہے ۔ عبادت کے ساتھ دینی تعلیم آپ ﷺ نے مسجد نبوی میں صفہ چبوترا کی تعمیر کروائی ۔ مسلمان جہاں بھی مسجد کی تعمیر کریں اس کے ساتھ درسگاہ کی تعمیر کریں ۔ مسجد عبادت کی جگہ اور مدرسہ عبادت سیکھنے کی جگہ ۔ مسجد لڑائی جھگڑے کی جگہ نہیں ہے ۔ شرافت اور عبادات کرنے کی جگہ ہے ۔ مسجدوں کی تعمیر جتنی ضروری ہیں اتنا ہی مدرسوں کی تعمیر کی ضرورت ہے اور انتظامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا مظہر القاسمی نے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے جو بھی اللہ کے گھر کی تعمیر میں حصہ لے گا اللہ تعالیٰ اس کو اس کا جنت میں گھر بنائے گا ۔ مسجد کے ساتھ مسجد میں تعلیم کی فکر کریں ۔ موذن کا انتخاب معیار کے لحاظ سے کیا جائے ۔ آج قابل لوگوں کی کمی نہیں ہے ، آج موذن اور امام مساجد کو مزدوروں کی مزدوری سے بھی کم انہیں تنخواہیں دی جاتی ہے ، اس موقع پر جلسہ میں محمد سلیم موذن نے بھی نعت شریف سنائی ۔ جلسہ کا اختتام ومیض احمد کی دعا پر ہوا ۔ جلسہ کی کارروائی مولانا عمر علی بیگ قاسمی نے کی ۔ انتظامیہ کمیٹی صدر سید عقیل اور نائب صدر سید عظیم الدین اور دیگر اراکین نے انتظامات میں حصہ لیا ۔

TOPPOPULARRECENT