Monday , September 24 2018
Home / اضلاع کی خبریں / مساجد کیلئے منظورہ رقم کی اجرائی میں ٹال مٹول

مساجد کیلئے منظورہ رقم کی اجرائی میں ٹال مٹول

ارباب مجاز سے توجہ دینے نارائن پیٹ کے مسلم قائدین کی خواہش

ارباب مجاز سے توجہ دینے نارائن پیٹ کے مسلم قائدین کی خواہش
نارائن پیٹ 15 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ حکومت کی جانب سے ماہ رمضان میں ریاست کی تمام مساجد کی آہک پاشی و داغ دوزی کیلئے رقمی امداد کا اعلان کیا گیا اور محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ کئی مساجد کو امداد بھی حاصل ہوئی۔ نارائن پیٹ کی 13 کے منجملہ 8 مساجد کیلئے ماہ جولائی میں فی کس 10 ہزار روپئے کی رقم منظوری کا اعلامیہ بھی کمشنر بلدیہ نارائن پیٹ کو وصول ہوا ۔ تاہم آج تک 13 کے منجملہ 8 مساجد کو بھی منظورہ رقومات جاری نہیں کی گئی جبکہ ضلع کے دیگر مقامات پر مسجد کمیٹیوں کو رقمی امداد وصول ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں کمشنر بلدیہ نارائن پیٹ مسٹر سمیا سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بلدیہ کو رقم حاصل ہونے کا اعتراف کیا لیکن مساجد کمیٹیوں کو رقم کی اجرائی کیلئے ٹال مٹول سے کام رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ کے ماہانہ اجلاس میں اس اعلامیہ کو پیش کر کے پہلے منظور حاصل کریں گے ۔ اس کے بعد رقومات کو مساجد کمیٹیوں کو جاری کریں گے ۔ مقامی مسلم قائدین نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مساجد کی آہک پاشی و داغ دوزی کیلئے جاری کی گئی رقومات کو فی الفور مساجد کمیٹیوں کے حوالے کردیا جائے اور جن مساجد کو تاحال رقمی منظوری حاصل نہیں ہوئی ہے انہیں بھی فوری رقمی امداد کیلئے احکامات جاری کئے جائیں ۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ کی 13 مساجد کے علاوہ اطراف و اکناف مواضعات اور منڈلوں کی کئی مساجد کیلئے درخواستیں داخل کی گئی تھیں تاہم صرف نارائن پیٹ کی 8 مساجد کو ہی امداد کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جن مساجد کو امداد جاری کی گئی ہے ان میں رحمانیہ مسجد ، مسجد بلال، محمد حاجی خان پیٹ، تقی بابا مسجد، جامع مسجد ،مسجد عمر بن خطاب، مکہ مسجد ، مدینہ مسجد اور جن مساجد کو امداد جاری نہیں کی گئی ان میں مسجد فردوس، مسجد صوفیہ مسجد رشیدیہ ، لعل مسجد اور ٹیکڑی مسجد شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT