مستحقین کی امداد کیلئے دولت مند افراد کو آگے آنے کی تلقین

سرپور ٹاؤن میں رمضان راشن تقسیم، مولانا احمد مبین قاسمی کا خطاب

سرپور ٹاؤن میں رمضان راشن تقسیم، مولانا احمد مبین قاسمی کا خطاب
سرپور ٹاؤن /5 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر کے ذیشان فنکشن ہال میں گزشتہ جمعہ کو دارالانصار ٹرسٹ کاغذ نگر کی زیر نگرانی غریب اور مستحق افراد میں رمضان راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا گیا، جس میں بحیثیت مہمانان خصوصی دارالانصار ٹرسٹ کے صدر جناب عبد الرحیم، نائب صدر مولانا احمد مبین قاسمی، جنرل سکریٹری محمد مفخم احمد اور خازن محمد رحیم نے شرکت کی۔ اجلاس کی کارروائی اردو جرنلسٹ یونین کے ضلع صدر محمد عابد احمد اور نائب صدر نور خاں نے چلائی۔ جلسہ کا آغاز مولانا احمد مبین قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ شہ نشین پر مقامی سرپنچ سید خضر حسین۔ نائب قاضی سید عنایت علی، ضلع کانگریس کے جنرل سکریٹری محمد عبد الشکیل، تلگودیشم قائد محمد نظر احمد اور جناب ایم اے کلیم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مولانا احمد مبین قاسمی نے کہا کہ دارالانصار ویلفیر ٹرسٹ کاغذ نگر کا قیام عمل میں لانے کے بعد پہلی مرتبہ سرپور ٹاؤن کے غریبوں، مستحق افراد اور بیواؤں میں رمضان راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی، تاکہ ان افراد کو رمضان اور عید کے موقع پر کمی کا احساس نہ ہو۔ انھوں نے متمول افراد کو مشورہ دیا کہ اپنی دولت سے غریبوں اور مستحق افراد کی امداد کے لئے آگے آئیں۔ جناب محمد مفخم احمد نے کہا کہ اس ٹرسٹ کے قیام کا مقصد غریبوں اور مسلم اقلیت کے لئے فلاح و بہبود کا کام انجام دینا ہے۔ انھوں نے ٹرسٹ کی کار کردگی کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ بیواؤں، غریبوں، یتیموں اور مستحق افراد کی خدمت انجام دی جاتی ہے، جب کہ آئندہ بے روزگار افراد کے لئے غیر سودی لون فراہم کرنے کا عزم ہے۔ انھوں نے ٹرسٹ کی جانب سے 25 تا 30 سال کی عمر کی بیواؤں کے عقد ثانی میں رقم کے ذریعہ مدد کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر جامع مسجد کے صدر کے علاوہ حافظ شکیل احمد، ڈاکٹر ابرار احمد خان، مسلم مائناریٹی صدر محمد عاشق حسین، ماسٹر خورشید احمد خان، سابق پٹواری محمد منیر احمد، محمد منصور احمد، حافظ امین احمد اور مرد و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT