Wednesday , August 15 2018
Home / شہر کی خبریں / مستقبل کی نسلوں کو صحت مند رکھنے اقدامات ضروری

مستقبل کی نسلوں کو صحت مند رکھنے اقدامات ضروری

یوم عالمی ماحولیات کے موقع پر ہریتا ہرم پروگرام سے کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /5 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے صحت کو اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی نسلوں کو صحتمند رکھنے کیلئے حکومت تلنگانہ نے منفرد پروگرام ہریتا ہرم کا آغاز کیا ہے ۔ یوم عالمی ماحولیات کے موقع پر چیف منسٹر نے ماحولیات سے لگاؤ رکھنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ آبی آلودگی سے عالمی سطح پر پیش آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر ریاست کے ہر فرد کو چوکنا رہنے پر زور دیا ۔ آلودگی پھیلانے والی اشیاء کے استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ میں تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کو آلودگی سے پاک اور سرسبز و شاداب بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ہریتا ہرم پروگرام کو بڑے پیمانے پر چلایا جارہا ہے ۔ عوام کو آلودگی سے پاک ماحول اور صاف پانی اور بغیر ملاوٹ کی غذا فراہم کرنے کیلئے حکومت کام کررہی ہے ۔ ریاست میں سبز انقلاب لانے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ جس کے گزشتہ تین سال سے مثبت نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ پودوں کو لگانے کے ساتھ اس کی نگہداشت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ جنگلات کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عوامی تعاون سے ہی ہریتا ہرم پروگرام کامیاب ہورہا ہے۔ جولائی سے شروع ہونے والے چوتھے ہریتا ہرم پروگرام میں عوام کو بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ۔ جنگلات کو فروغ دینے کیلئے شہروں میں اربن فاریسٹ پارکس سڑکوں کے اطراف شجرکاری پر خصوصی طور پر کام کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی آلودگی پر قابو پانے کیلئے الیکٹرک گاڑیاں بھی متعارف کرائی جارہی ہیں ۔ سولار برقی کے استعمال میں بہت بڑی پیشرفت ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT