Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / مستقر محبوب نگر میں اردو میڈیم ڈگری کلاسیس کا آغاز متوقع

مستقر محبوب نگر میں اردو میڈیم ڈگری کلاسیس کا آغاز متوقع

محکمہ اعلیٰ تعلیمات کے حکام کو ڈپٹی چیف منسٹر کی ہدایت ، مسلمانان محبوب نگر کی نمائندگی رنگ لائی

محکمہ اعلیٰ تعلیمات کے حکام کو ڈپٹی چیف منسٹر کی ہدایت ، مسلمانان محبوب نگر کی نمائندگی رنگ لائی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( نمائندہ خصوصی ) : محبوب نگر میں مسلمانوں کی کثیر آبادی ہے ۔ نظام ہشتم نواب میر محبوب علی خاں محبوب علی پاشاہ سے موسوم اس ضلع میں بے شمار تعلیمی ادارے ہیں لیکن ان میں اردو میڈیم کے اسکولس و کالج نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ ہندوستان کے دیگر علاقوں کی طرح یہاں کی مسلم آبادی کو بھی کئی ایک مسائل کا سامنا ہے جن میں تعلیمی اور معاشی مسائل سب سے اہم ہیں اگرچہ سرکاری سطح پر مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی دور کرنے کے لیے اقدامات کرنے کے بلند بانگ دعوے کئے جاتے ہیں لیکن ان دعوؤں کی پول اس وقت کھل جاتی ہے جب وعدے پورے نہیں ہوتے ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ حکومتوں پر انحصار کرنے کی بجائے محبوب نگر کے مسلمانوں نے انفرادی طور پر اپنی نئی نسل میں حصول علم کا شوق پیدا کیا ۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ ان کی لڑکیوں کے لیے اردو میڈیم ڈگری کالج بھی قائم کیا جائے ۔ اس سلسلہ میں علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے قبل ہی صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے اردو میڈیم طالبات کے لیے ڈگری کالج قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ محبوب نگر کی ایک حرکیاتی اور ملی درد رکھنے والی شخصیت جناب محمد عبدالرحیم نے جو خود اپنے آپ میں ایک تحریک ہے ۔ اپنے رفقاء کے ہمراہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کو اس جانب سے توجہ دلائی ۔ جناب عبدالرحیم نے بتایا کہ مستقر محبوب نگر میں واقع این ٹی آر ڈگری کالج فار گرلز میں تلگو اور انگریزی میڈیم کا انتظام ہے لیکن اردو میڈیم کی طالبات کے لیے ایسا کوئی انتظام نہیں ۔ جناب محمود علی نے ماضی میں کے سی آر کی ہدایت پر محبوب نگر کا دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں کے مسائل کا جائزہ لیا تھا ۔ اس وقت ان کے علم میں یہ بات لائی گئی تھی کہ اردو میڈیم طالبات کے لیے یہاں کوئی ڈگری کالج نہیں ہے جس سے اردو میڈیم طالبات کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جناب محمود علی نے فوراً اردو میڈیم کالج کی منظوری کی کوشش کی ۔ توقع ہے کہ آئندہ تعلیمی سال سے این ٹی آر ڈگری کالج میں بی اے ، بی کام کلاسیس کا آغاز ہوجائے گا ۔ جناب عبدالرحیم نے مزید بتایا کہ 2011 میں جناب محمود علی نے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی لیکن آندھرا والوں کی حکومت کے باعث ایسا نہ ہوسکا ۔ محبوب نگر کے مسلمانوں کے ایک وفد نے عبدالرحیم کی قیادت میں ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے جب وہ وعدہ یاد دلایا تب انہوں نے فوری کمشنر ہائیر ایجوکیشن وانی پرساد سے بات کی اور کالج میں اردو میڈیم کلاس شروع کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹاف کا انتظام اور ایک علحدہ عمارت بھی تعمیر کرنے پر توجہ دلائی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ماہ میں اردو میڈیم ڈگری کالج کی کلاس کو شروع کردیا جائے گا ۔ محمد عبدالرحیم کے مطابق اس معاملہ میں جناب ذاکر ایڈوکیٹ ، جناب ایم اے حمید ایڈوکیٹ ، جناب فضل الحق ندیم اردو پنڈت ، تلنگانہ سی پی ایم کے لیڈر محمد خلیل اور سید ابراہیم جیسی شخصیتوں نے اردو میڈیم ڈگری کلاسیس شروع کرنے کرانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ امید ہے کہ تعلیمی سال 2015-16 سے این ٹی آر ڈگری کالج فار ویمن میں اردو میڈیم کی کلاسیس کا آغاز ہوجائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT