مسجد بہادر یار جنگ بیگم بازار سے متصل گندگی کا انبار

جی ایچ ایم سی کی خاموشی ، مصلیان مسجد کو تکلیف کا سامنا

جی ایچ ایم سی کی خاموشی ، مصلیان مسجد کو تکلیف کا سامنا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری : ( ابوایمل ) : اسلام میں مسجد کی صفائی کے تعلق سے بہت سے احکامات ہیں اور مساجد میں گندگی پھیلانے پر سخت وعیدیں ہیں ۔ مسجد بہادر یار جنگ جو بیگم بازار میں واقع ہے آس پاس کے لوگ اور پڑوسی دوکانداروں نے مسجد کے اطراف اور دیوار کو نہایت گندہ کر رکھا ہے ۔ مسجد کی دیوار سے متصل ہی کچرا لاکر ڈالا جارہا ہے جس کی وجہ سے مسجد کے اطراف میں انتہائی تعفن اور بدبو رہتی ہے اور مصلیوں کو آمد و رفت میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جب کہ مسجد سے کچھ ہی فاصلہ پر کچرا دان بھی موجود ہے لیکن لوگ کچرا وہاں ڈالنے کے بجائے مسجد کے پاس لاکر پھینک رہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہاں صفائی کا اہتمام کریں اور مسجد کے اطراف میں کوڑا ڈالنے والے افراد کو اس سے باز رہنے کی ترغیب دیں ۔ اسی طرح وہاں موجود کچھ مسلم دکاندار حضرات کا بھی دینی فریضہ ہے کہ مسجد کی دیکھ بھال کریں اور کوڑا ڈالنے والوں کو اس حرکت سے باز رکھنے کی کوشش کریں ۔ یہ چھوٹی سی دو منزلہ مسجد ہے جو قائد ملت بہادر یار جنگ سے منسوب اور آپ کی حویلی کے روبرو واقع ہے ۔ جینے کا سلیقہ اور زندگی کا شعور سکھانے والے قائد ملت کی حویلی جو مسجد کے قریب واقع ہے لیکن حویلی کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے کوئی اس کا پرسان حال نہیں ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT