Saturday , April 21 2018
Home / Top Stories / مسجد قطب شاہی عالمگیر بوڈ اپل کی اراضی وقف

مسجد قطب شاہی عالمگیر بوڈ اپل کی اراضی وقف

تلنگانہ وقف ٹریبونل کا فیصلہ ، ناجائز قابضین کا دعویٰ مسترد
حیدرآباد۔6۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف ٹریبونل نے اوقافی اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے مسجد قطب شاہی عالمگیر بوڈ اپل ضلع میڑچل کی قیمتی اراضی پر ناجائز قابضین کے دعویٰ کو مسترد کردیا ۔ مسجد قطب شاہی عالمگیر کے تحت 18 ایکر 32 گنٹے اراضی ہے، جس کی مالیت کئی سو کروڑ ہوتی ہے۔ اس اراضی کے بیشتر حصہ پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں ۔ سریش کمار نامی شخص نے 32 گنٹے اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے اسے ذاتی اراضی ثابت کرنے کی کوشش کی۔ مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں اور دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی کے سرپرست جناب زاہد علی خاں اور سابق ایم پی عزیز پاشاہ کی مساعی کے بعد وقف بورڈ نے 2015 ء میں ٹریبونل میں سریش کمار کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ ٹریبونل نے فریقین کی سماعت اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد یکم فروری کو فیصلہ دیا کہ یہ اراضی وقف ہے اور سریش کمار کے دعویٰ کو مسترد کردیا۔ ٹریبونل کے فیصلہ سے وقف بورڈ کو ایک اہم اراضی کے تحفظ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے 8 دستاویزات ٹریبونل میں داخل کئے گئے تھے جبکہ سریش کمار نے اپنے دعویٰ کی تائید میں متعدد دستاویزات پیش کئے۔ ٹریبونل کے فیصلہ کے بعد وقف بورڈ نے اراضی کو اپنی تحویل میں لینے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ٹریبونل کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں تمام اوقافی اراضیات کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کیلئے قابل اور نامور وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT