Wednesday , November 21 2018
Home / Top Stories / مسجد نبوی ؐمیں سیکوریٹی جوان کا جذبہ انسانی ہمدردی

مسجد نبوی ؐمیں سیکوریٹی جوان کا جذبہ انسانی ہمدردی

سیکوریٹی جوان بچہ کے والد کی نماز ختم ہونے تک بچے کو اپنے گود میں لئے کھڑا رہا

مدینہ منورہ۔17 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مسجد نبویؐ کے اندر نصب کیمرے کی آنکھ نے ڈیوٹی پر مامور ایک سکیورٹی اہلکار کی جانب سے انسانی ہمدردی کے خوبصورت مظاہرے کو محفوظ کرلیا۔ تصویر میں مذکورہ سعودی اہلکار ایک ننھے بچّے کو اپنے سینے سے لگائے کھڑا نظر آ رہا ہے تا کہ بچّے کا باپ نماز ادا کر سکے۔ سوشل میڈیا پر یہ تصویر تیزی کے ساتھ پھیل گئی اور لوگوں کی جانب سے تصویر پوسٹ کرنے پر بے پناہ پسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔ ’العربیہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مسجد نبویؐ میں تعلقات عامّہ اور اطلاعات کے ڈائریکٹر جنرل جمعان بن عبداللہ العسیری نے اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اہلکار بچّے کے والد کی نماز ختم ہونے تک اسے اپنی گود میں لیے کھڑا رہا۔ سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے کیوں کہ وہ نمازیوں کی راحت اور شہریوں اور مقیمین کی سلامتی کے لئے ہر جگہ چوکس رہتے ہیں‘‘۔ العسیری کے مطابق مسجد نبویؐ کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے دو یونٹ بنائے ہیں۔ ان میں پہلا یونٹ والد کے ہمراہ آنے والے بچوں کے لئے اور دوسرا یونٹ والدہ کے ساتھ آنے والی بچیوں کے لیے ہے۔ اس حوالے سے بچّے بچیوں کے لیے مختلف پروگرام بھی ترتیب دیئے گئے ہیں۔ خواتین کے سیکشن میں مشرقی سمت بچوں کے لئے ایک لائبریری بھی بنائی گئی ہے تا کہ بچّے وہاں وقت گزاریں اور اس دوران مسجد آنے والے مرد اور خواتین پورے اطمینان اور سکون سے بے فکر ہوکر اپنی عبادات اور دیگر اعمال انجام دے سکیں۔ العسیری نے مزید بتایا کہ مسجد نبوی ؐکے صحنوں میں چھوٹے بچوں کو پْرسکون رکھنے کے لیے خواتین اور مردوں پر مشتمل علحدہ زمینی ٹیمیں ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT