Saturday , December 16 2017
Home / ہندوستان / مسعود اظہر کیخلاف گرفتاری وارنٹ

مسعود اظہر کیخلاف گرفتاری وارنٹ

چنڈی گڑھ ؍ نئی دہلی ، 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے نے آج جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر، ان کے بھائی عبد الرؤف اور دو دیگر کے خلاف پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے کلیدی اڈہ پر دہشت گردانہ حملہ انجام دینے کی مبینہ سازش رچانے کے سلسلے میں ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹس حاصل کرلئے ۔ موہالی میں قائم خصوصی این آئی اے کورٹ نے اظہر، ان کے بھائی، ان کے آقاؤں کاشف جان اور شاہد لطیف کے خلاف غیرمحدود مدت والے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔ ان تمام پر الزام ہے کہ وہ جیش محمد کے دہشت گردوں کے ساتھ مجرمانہ سازش کے تحت ہندوستان میں گھس آئے تاکہ آئی اے ایف اڈہ پر دہشت گردانہ حملہ کریں۔
مسعود اظہر پر ہندوستان کیساتھ رابطہ : چین
دریں اثناء چین نے آج کہا کہ وہ پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد نامزد کئے جانے کیلئے نئی دہلی کی سعی کو روک دینے سے متعلق اپنے فیصلہ پر ہندوستان کے ساتھ قریبی رابطہ میں ہے۔ بیجنگ سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزارت خارجہ ترجمان ہانگ لی نے میڈیا کو بتایا کہ چین تمام نوعیت کی دہشت گردی کا مخالف ہے اور اپنا تعاون بڑھانے پر آمادہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT