Monday , September 24 2018
Home / ہندوستان / مسعود اظہر کے بھتیجے کی ہلاکت کیخلاف ہڑتال

مسعود اظہر کے بھتیجے کی ہلاکت کیخلاف ہڑتال

سرینگر۔ 7نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے مسلح تصادم میں پاکستانی جنگجو تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے بھتیجے طلحہ رشید کے سمیت تین جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف منگل کے روز ہڑتال کی گئی۔ پلوامہ کے اگلر کنڈی میں گذشتہ رات ہونے والے اس مسلح تصادم میں فوج کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ۔ اس کے علاوہ مسلح تصادم کے مقام پر احتجاجیوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی شبانہ جھڑپوں میں متعدد عام شہری زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کو سینے میں لگنے کے بعد سری نگر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات گذشتہ شام سے بدستور منقطع ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ خدمات احتجاجی مظاہروں اور افواہ بازی کو روکنے کے لئے منقطع رکھی گئی ہیں۔ جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جیش محمد کے تین جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ضلع پلوامہ کے بیشتر حصوں میں منگل کو دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم وسطی کشمیر کے سری نگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر ریل خدمات معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT