Saturday , November 25 2017
Home / Top Stories / مسلح افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ‘ ارون جیٹلی

مسلح افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ‘ ارون جیٹلی

دفاعی ساز و سامان کی خریدی کا سلسلہ جاری ‘ اپوزیشن محتاط رد عمل دے ۔ وزیر دفاع کا بیان
نئی دہلی 17 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع ارون جیٹلی نے آج واضح کیا کہ ملک کی مسلح افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ یہ تاثر دینے کی کوشش نہ کریں کہ اسلحہ و ہتھیاروں کے حصول میں رکاوٹ کی وجہ سے مسلح افواج تیار نہیں ہیں۔ لوک سبھا میں وزارت دفاع کے مطالبات زر پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے ارون جیٹلی نے اپوزیشن کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ مرکزی حکومت نے دفاعی افواج کی ضروریات کو نظرانداز کردیا ہے اور اس نے مناسب بجٹ فراہم نہیں کیا ہے ۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ حکومت نے جملہ 147 معاہدات دفاعی آلات ‘ اسلحہ و ہتھیار خریدنے سے متعلق کئے ہیں جن کی مالیت 2.96 لاکھ کروڑ روپئے کی ہے اور یہ آئندہ تین سال کی مدت کیلئے ہیں۔ انہوں نے ہتھیار اور آلات مسلح افواج کے تینوں شعبوں کیلئے خریدنے سے متعلق معاہدات کا حوالہ دیا جن میں 155 ایم ایم کے الٹرا لائیٹ ہوٹزر گنس اور برہموس میزائیل بھی شامل ہیں جو فوج کیلئے حاصل کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ گہرے سمندر سے بچاؤ مشن بحریہ کیلئے اور ائر فورس کیئلے اپاچی حملہ آور ہیلی کاپٹرس کی خریدی کی مثالیں پیش کیں۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ یہ تاثر نہیں جانا چاہئے کہ دفاعی ساز و سامان کا حصول نہیں ہو رہا ہے ۔ ہماری فوج تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی افواج کی تیاری کا مسئلہ غیرجانبدارانہ ہونا چاہئے اور اسے سیاسی رنگ نہیں دیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے اس الزام کو بھی مسترد کردیا کہ حکومت کی میک ان انڈیا اسکیم دفاعی شعبہ میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 4.45 لاکھ کروڑ روپئے مالیتی 134 تجاویز پر دستخط ہوئے ہیں اور ان میں 100 تجاویز ایسی ہیں جو خریدی اور میک ان انڈیا سے متعلق ہیں۔

TOPPOPULARRECENT