Saturday , January 20 2018
Home / ہندوستان / مسلح افواج ‘ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی اہل

مسلح افواج ‘ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی اہل

وزیر دفاع ارون جیٹلی کا بیان ۔ دورہ جموں و کشمیر کے موقع پر سکیوریٹی صورتحال کا جائزہ

وزیر دفاع ارون جیٹلی کا بیان ۔ دورہ جموں و کشمیر کے موقع پر سکیوریٹی صورتحال کا جائزہ
سرینگر14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ جموں و کشمیر کے موقع پر وزیر دفاع مسٹر ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ملک کی مسلح افواج پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہیں ۔ انہوں نے ریاست میں سکیوریٹی صورتحال کا چیف منسٹر عمر عبداللہ اور اعلی فوجی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ ارون جیٹلی فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ کے ساتھ یہاں پہونچے تھے اور مقامی فوجی عہدیداروں نے انہیں لائین آف کنٹرول پر سکیوریٹی صورتحال سے واقف کروایا اور انسداد تخریب کاری کیلئے کئے جارہے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ وزیر دفاع نے چنار کور کے ہیڈ کوارٹرس کا دورہ کیا

جہاں انہیں وادی کشمیر میں سکیوریٹی کی مکمل صورتحال کے تعلق سے واقف کروایا گیا ۔ علاوہ ازیں لائین آف کنٹرول پر در اندازی روکنے انسداد تخریب کاری کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔ قبل ازیں دو روزہ دورہ کشمیر پر آمد کے موقع پر مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج پاکستان کی جانب سے لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا جواب دینا جانتی ہیں۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ نے وزیر دفاع سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر دونوں قائدین نے ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ انہوں نے ارون جیٹلی کے ساتھ آج دو پہر اچھی ملاقات کی ہے اور ان کے ساتھ دفاع اور فینانس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ ایک عہدیدار نے ملاقات کے بعد بتایا کہ دونوں قائدین نے لائین آف کنٹرول کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT