Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / مسلسل بارش سے حسین ساگر جھیل لبریز ، خطرہ پر پانی کا اخراج

مسلسل بارش سے حسین ساگر جھیل لبریز ، خطرہ پر پانی کا اخراج

عوام کو قبل از وقت اطلاع ، ٹریفک رخ کی تبدیلی ، این ٹی آر گارڈن کے روبرو گڈھا نمودار
حیدرآباد21ستمبر(سیاست نیوز) بارش نے شہر کے درمیان واقع حسین ساگر جھیل کو لبریز کردیا۔ رات بھر جاری رہی بارش میں حسین ساگر میں خطرہ کے نشان سے اوپر پانی جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں فوری پانی کے اخراج کا فیصلہ کرتے ہوئے دن بھر میں 4000کیوزک پانی کا اخراج عمل میں لایا گیا۔ حسین ساگر سے پانی کے اخراج سے قبل اشوک نگر‘ چکڑپلی‘ رام نگر‘ مشیرآباد کے علاوہ دیگر نشیبی علاقوں میں عوام کو مطلع کردیا گیا تاکہ کسی قسم کا نقصان نہ ہونے پائے۔ محکمۂ آبپاشی کے عہدیداروں کے بموجب حسین ساگر کی مکمل سطح آب 513.41میٹرس ہے اورصبح کی اولین ساعتوں میں سطح آب 513.70تک تجاوز کرچکی تھی جس کے فوری بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ حسین ساگر سے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جائیں اس فیصلہ سے متعلقہ محکمہ ٔ جات بالخصوص آبپاشی‘ بلدیہ اور آبرسانی کو واقف کروادیا گیا اور پھر پولیس کی مدد سے شہرنشیبی علاقوں کے عوام تک اس بات کی اطلاع پہنچائی گئی اور پھر پانی کے اخراج کا عمل شروع کر دیا گیا۔ دونوں شہروں میں ہوئی بارش بالخصوص کوکٹ پلی اور اطراف کے علاقوں میں شدید بارش کے سبب حسین ساگر میں بارش کا پانی تیزی کے ساتھ جمع ہونے لگا اور اخراج کا عمل سست ہو جانے کے سبب مکمل سطح آب بلکہ خطرہ کے نشان کے اوپر تک پہنچ گیا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ حسین ساگر میں مختلف علاقوں سے مربوط برساتی نالوں سے 5000کیوزک پانی جمع ہو گیا اور اخراج کی رفتار سست ہونے کے سبب 2500کیوزک پانی ہی خارج ہو رہا تھا لیکن پانی کے اخراج کے فیصلہ کے بعد 4000کیوزک پانی کا اخراج عمل میں لایا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ حسین ساگر کی سطح آب پر مسلسل نظر رکھنے کیلئے خصوصی ٹیم کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور اطراف کے نشیبی علاقوں میں مسلسل گشت کے ذریعہ عہدیدار عوام کو چوکسی اختیار کرنے کی تاکید کر رہے ہیں کیونکہ بارش کے مسلسل بہاؤ سے کوئی حادثہ نہ ہونے پائے۔ حسین ساگر کے قریب این ٹی آر گارڈنس کے روبرو اچانک گڑھا نمودار ہونے کے فوری بعد شہر میں مختلف ذرائع بالخصوص واٹس اپ کے ذریعہ افواہوں کا سلسلہ شروع ہوگیا لیکن جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے محکمۂ ٹریفک پولیس کی مدد سے فوری راستے کی تبدیلی کے ساتھ حالات پر قابو پا لیا اور محکمۂ آبرسانی نے اس گڑھے کے مرمتی کاموں کا آغاز کردیا۔رات دیر گئے مزید بارش کی صورت میں حسین ساگر سے پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری رہے گا۔اعلی عہدیداروں کی ہدایت کے مطابق حسین ساگر سے پانی کے اخراج میں احتیاط سے اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ موسلادھار بارش کے سبب برساتی نالے بھی ابل رہے ہیں اور بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT