Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / مسلسل دوسرا میچ بارش کی نذر‘آسٹریلیا کے مسائل میں اضافہ

مسلسل دوسرا میچ بارش کی نذر‘آسٹریلیا کے مسائل میں اضافہ

لندن۔6 جون (سیاست ڈاٹ کام ) چیمپیئنز ٹرافی میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں بارش نے آسٹریلیائی ٹیم سے یقینی فتح چھین لی اور آسٹریلیا کی ٹیم کا لگاتار دوسرا میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کی کوششوں کو شدید دھکا لگا ہے۔اوول میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ابرآلود موسم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت نہ ہوا۔ایونٹ کے افتتاحی میچ میں سنچری بنانے والے تمیم اقبال نے ایک مرتبہ شاندار اننگز کھیلی لیکن دوسرے سرے سے کوئی بھی بیٹسمین ان کا ساتھ نہیں دیا۔53 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد تمیم نے شکیب الحسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور اس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہو چکے تھے لیکن 29 کے انفرادی اسکور پر شکیب کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی 69 رنز کی شراکت بھی اختتام پذیر ہوئی۔ایڈم زامپا نے محموداللہ اور صابر رحمان کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دو کامیابیاں دلائیں لیکن بنگلہ دیش کو اصل دھکا اس وقت لگا جب مچل اسٹارک نے تمیم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اوپننر نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔مچل اسٹارک نے صرف اسی پر بس نہ کی بلکہ تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے صرف نو گیندوں میں چار وکٹیں حاصل کر کے بنگلہ دیشی ٹیم کی بساط 182 رنز پر لپیٹ دی۔آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ایڈم زامپا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں آسٹریلیائی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، ایرون فنچ 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر نے اسکور کو 83 تک پہنچایا ہی تھا کہ 16ویں اوور کے اختتام پر بارش کے سبب کھیل کو روکنا پڑا۔اس کے بعد کئی مرتبہ میچ دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بارش کے سبب ایسا ممکن نہ ہو سکا جس کے بعد امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب بنگلہ دیش کی ٹیم کو ایک پوائنٹ مل گیا لیکن آسٹریلیائی ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ماند پڑنے لگ گئی ہیں کیونکہ یہ ان کا لگاتار دوسرا میچ ہے جو بارش کی نذر ہوا ہے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہونے کے سبب آسٹریلیا کو ایک پوائنٹ ملا تھا۔اب آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے ہر حال میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والے اگلے میچ میں کامیابی درکار ہے اور کامیابی کی صورت میں بھی میں ان کی پیش قدمی کا انحصار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کارکردگی پر ہو گا۔آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ ٹیم کیلئے مشکل حالات کے باوجود ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کیلئے نہ صرف پرامید ہے بلکہ درپیش چیلنجس سے نمٹنے کیلئے پرعزم بھی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT