Friday , October 19 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کو نمازوں کی پابندی کرنے کا مشورہ

مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں کو نمازوں کی پابندی کرنے کا مشورہ

مدینہ انٹرنیشنل اسکول و معہد سلیمان بن عثمان کا جلسہ ، جناب عامر علی خاں کا خطاب
کرنول ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مسلمان کلمہ کی بنیاد پر متحد و متفق ہوں اور آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھیں ۔ کیوں کہ ملک کے موجودہ حالات بہت ہی ناگفتہ بہ ہیں اور ملک میں مسلمانوں کو سازش کے ذریعہ کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ مسلمان اللہ اور ایک رسولؐ کو ماننے والی قوم ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں علم کی اہمیت بتانے کے مقصد سے آپؐ پر سب سے پہلے جو وحی نازل فرمائی جو علم سے تعلق رکھتی ہے اور ساتھ اسلام میں وقت کی بڑی اہمیت ہے یہی وجہ ہے کہ اللہ نے جو پانچ نمازیں فرض کی ہیں۔ حالات حاضرہ پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ مسلم قوم وقت کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے خسارے میں مبتلا ہے اور جو لوگ وقت کی پابندی نہیں کریں گے وہ ایک کامیاب انسان کبھی بھی نہیں بنیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد نے مدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول و معہد سلیمان بن عثمان لتحفیظ القرآن کے سالانہ جلسہ منعقدہ بعنوان ’ ایک روزہ تعلیمی بیداری کانفرنس ‘ کرنول سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ قرآن مجید کی تلاوت کو زندگی کا ایک اہم جز بنالیں ۔ ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کریں ۔ آج مسلمان دین اسلام کی تعلیمات سے دور ہونے کی وجہ سے ہی ساری دنیا میں بدنام ہورہے ہیں ۔ لہذا مسلمان صرف زبانی نہیں بلکہ عملی زندگی کا نمونہ بنیں تاکہ اسلام کی صحیح تصویر غیروں میں پیش کی جاسکے اور ساتھ ہی خود اپنی کامیاب زندگی بناسکیں انہوں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں انتخابات سے قبل مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر تاحال اس پر عمل آوری نہیں کی گئی ہے جس کے باعث مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کے لیے میں نے ادارہ سیاست کے ذریعہ تحریک شروع کر کے آگے بڑھانے کے لیے ریاست کے مختلف شہروں کا دورہ کررہا ہوں ۔ مسلمان تعلیم سے دور ہونے کی وجہ سے ہی معاشی اعتبار سے بھی کمزور ہوگئے ہیں ۔ جو قوم سرکاری ملازمتوں میں 42 فیصد تھی آج وہ ایک فیصد سے بھی کم ہوگئی ہے ۔ تعلیم سے دوری نہ صرف دنیاوی نقصان ہے بلکہ آخرت کا بھی نقصان ہے کیوں کہ بغیر علم کے دین کی صحیح تعلیمات حاصل نہیں کرپائیں گے نتیجہ میں دین کا نقصان اٹھاکر اللہ کی سزا کے مستحق بن جائیں گے لہذا مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ دنیاوی اور دینوی علم حاصل کر کے اپنے مستقبل کو کامیاب بنائیں ۔ جناب عامر علی خاں نے مزید کہا کہ آج میں نے جن معصوم بچوں کو انگریزی ، اردو ، تلگو اور سنسکرت زبانوں میں تقریر کرتے ہوئے سنا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مسلمانوں کو خصوصاً دینی مدارس کے طلبہ کو ہر ایک زبان پر عبور رکھنے کی ضرورت ہے کیوں کہ دین اسلام کی تبلیغ کے لیے دیگر زبانوں کا سیکھنا بھی دین میں شامل ہے۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے مدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول اور شعبہ حفظ سے ڈھائی سال کی انتہائی قلیل کم مدت میں قرآن مجید کا حفظ مکمل کرنے والے طلبہ ، اساتذہ اور ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کے والدین بہت ہی قابل مبارکباد ہیں ، انہوں نے علمی مظاہرے سے متاثر ہو کر طلبہ وطالبات کے لیے اپنی جانب سے 25 ہزار روپئے انعام کا اعلان کیا ہے ۔مسلمان خاص کر نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ رات میں عشاء کی نماز کے بعد جلد سوجائیں اور نماز تہجد سے جاگ جائیں اور نماز فجر کے بعد روزی روٹی کی تلاش میں نکل جائیں کیوں کہ اس عمل سے زندگی میں برکت کے دروازے کھل جائیں گے ۔ قبل ازیں مولانا جاوید عثمانی ربانی اسلام انٹرنیشنل اسکول چینائی نے دینی و عصری تعلیم ایک جائزہ ، جناب عبدالرحمن تلگو ، مولانا قاری عمر بن مقصود رشادی امام و خطیب جامع مسجد بنگلور نے اتحاد امت ، اہمیت و ضروریات اور دیگر علماء کرام نے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں ۔ جلسہ کی نظامت عبدالغفار عمری نے انجام دی ۔ اسکول کے کرسپانڈنٹ حافظ محمد عثمان جلسہ کے انعقاد میں اہم رول ادا کیا۔۔

TOPPOPULARRECENT