مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں پر عمل کیلئے کے چندر شیکھر راؤ سنجیدہ

ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کی جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سے ملاقات

ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کی جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 14 ۔جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے بزرگ قائد اور سابق رکن قانون ساز کونسل جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران تلنگانہ میں اقلیتوں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا اور جناب ابراہیم مسقطی سے خواہش کی کہ وہ مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں اپنے طویل سیاسی تجربہ کی روشنی میں ان کی رہنمائی کریں۔ جناب ابراہیم مسقطی نے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزارت مال جیسے اہم عہدوں کی ذمہ داری ملنے پر جناب محمود علی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اقلیتوں نے حکومت سے کئی توقعات وابستہ کی ہیں اور محمود علی کو چاہئے کہ وہ اقلیتوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں۔ جناب مسقطی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک موقع فراہم کیا ہے جس کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اقلیتوں اور خاص طور پر غریبوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے پرانے شہر کی ترقی اور غریب مسلم خاندانوں کو درپیش مسائل سے ڈپٹی چیف منسٹر کو واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی نمائندہ کی حیثیت سے جناب محمود علی کو زیادہ وقت اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی پر صرف کرنا چاہئے کیونکہ محکمہ اقلیتی بہبود کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے اور عوام آسانی سے چیف منسٹر تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ نے انتخابات میں مسلمانوں سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری میں وہ سنجیدہ ہیں اور بہت جلد عملی اقدامات شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پہلے بجٹ کی پیشکشی کے ساتھ ہی اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے کئی اسکیمات شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی ، کے جی تا پی جی مفت تعلیم اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ جیسے وعدوں پر بہر صورت عمل کیا جائے گا ۔ جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی نے ڈپٹی چیف منسٹر سے نیک تمنائیں وابستہ کی اور امید ظاہر کی کہ وہ پرانے شہر اور تلنگانہ کے اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی میں اہم رول ادا کریں گے۔ علی بن ابراہیم مسقطی ، منان مسقطی ، خالد مسقطی اور عادل مسقطی نے جناب محمود علی کا استقبال کیا۔

TOPPOPULARRECENT