Tuesday , November 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مسلمانوں پر مظالم، اسلامی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ

مسلمانوں پر مظالم، اسلامی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ

مدرسہ دین و دنیا گمبھی راؤ پیٹ کا سالانہ جلسہ، مولانا سید فضل اللہ قادری اور دیگر کا خطاب
مبھی راؤ پیٹ /11 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ دین و دنیا گمبھی راؤ پیٹ کا 50 واں سالانہ جلسہ بصدارت ناظم مدرسہ جناب سید فضل اللہ حسینی منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس جناب سید عظمت اللہ حسینی اور بطور مہمانان اعزازی مسرز محمد حسام الدین، محمد اسلم، محمد قدرت اللہ حسینی، محمد محبوب علی، سید غازی الدین زبیر، سید نصرت اللہ حسینی اور مولانا ابونیازی نے شرکت کی۔ جناب سید فضل اللہ حسینی نے اپنے صدارتی خطاب میں اولیائے طلبہ اور سرپرستوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی دینی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ انھوں نے مدرسہ کے معاونین اور مدرسہ کے خدمت گزار حضرات سے اظہار تشکر کیا اور مدرسہ کی 50 سالہ کار کردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے مدرسہ کے سابقہ خدمات گزار مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی۔ مولانا ابونیازی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے مدرسہ سے رجوع ہوں۔ انھوں نے بانی مدرسہ مرحوم سید نوراللہ حسینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کے نونہالوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے آج سے 50 سال قبل مرحوم نے یہ مدرسہ قائم کیا تھا۔ آج وہ ہمارے درمیان نہیں رہے، لیکن ان کا مدرسہ آج بھی اپنے قیام کا مقصد پورا کر رہا ہے۔ انھوں نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ فارغ ہونے کے بعد اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج اسلامی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے کہ مسلمان کثیر تعداد میں ہونے کے باوجود طرح طرح کے مصائب میں مبتلا ہیں اور ان پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کریں، کیونکہ اسی میں ہماری بھلائی ہے۔ آخر میں انھوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ اپنی زبان پر درود شریف کا ورد جاری رکھیں۔ صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد سید آصف علی سعادت نے ابتدائی خیرمقدمی کلمات کے ذریعہ مہمانوں کا استقبال کیا۔ مدرسہ ہذا کے ایک طالب علم سید ظہیرالدین کی تلاوت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے مختلف اسلامی معلومات پر مبنی مظاہرے پیش کئے۔ جلسہ کی نگرانی صدر مدرس مدرسہ ہذا جناب ابوالکلام ابراہیمی نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ شیخ شبیر، محمد احمد، سید ہاشمی کے علاوہ مسرز قطب الدین، سید ولایت اللہ، محمد شاہد علی، محمد نجم الدین، محمد جلیل، محمد سرور، محمد معز، سید اشرف علی، محمد واجد علی، محمد چاند، محمد رحیم، محمد وہاب، محمد مصطفی اور اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT