Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی تک چین نہ لینے کا اعلان

مسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات کی فراہمی تک چین نہ لینے کا اعلان

ایم ایل سی الحاج محمد سلیم کی دعوت افطار، چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا خطاب

ایم ایل سی الحاج محمد سلیم کی دعوت افطار، چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد 18 جولائی (سیاست نیوز) مسلمان آئندہ رمضان 12 فیصد تحفظات کی خوشیوں کے ساتھ منائیں گے۔ 12 فیصد تحفظات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ حائل ہونے نہیں دوں گا اور تحفظات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل کی جانب سے منعقدہ دعوت افطار میں مسلمانوں سے خطاب کے دوران اِن خیالات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے انتخابات سے قبل جو وعدے مسلمانوں سے کئے تھے اُن تمام وعدوں پر عمل آوری کا وقت آچکا ہے اور حکومت بلا کسی تامل کے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ 12 فیصد تحفظات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اِس موقع پر مولانا عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت، مولانا سید شاہ قبول پاشاہ قادری شطاری جانشین حضرت کاملؒ، مولانا سید شاہ پیر شبیر نقشبندی افتخاری جانشین حضرت وطنؒ، مولانا محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد، مولانا سید طارق قادری، مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی، مولانا ملک معتصم خان صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا، جناب محمد اظہرالدین جماعت اسلامی، جناب مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کے علاوہ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، مسٹر سوامی گوڑ صدرنشین کونسل، ریاستی وزراء مسٹر این نرسمہا ریڈی وزیرداخلہ، مسٹر ٹی ہریش راؤ، جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر، مسٹر ایم مہندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ، جناب ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری ریاستی اُردو اکیڈیمی، جناب مظفر علی خان، جناب جابر پٹیل، مسٹر ایم سرینواس کے علاوہ ارکان قانون ساز کونسل، اعلیٰ پولیس عہدیدار بالخصوص مسٹر انوراگ شرما ڈی جی پی، کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی، جوائنٹ کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار ، مسٹر ملاریڈی کے علاوہ دیگر معزز شخصیتیں موجود تھیں۔ مولانا قبول پاشاہ شطاری نے افطار سے قبل مختصر خطاب کے دوران عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کا خصوصی اہتمام کریں۔ قبل ازیں مولانا محمد عثمان نقشبندی نے دعا کی اور مختصر خطاب کیا۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی نے اِس موقع پر اپنے خطاب کے دوران عامۃ المسلمین کو تلقین کی کہ وہ افطار کے وقت صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر ابنائے وطن کو مثالی اُمتی کا پیغام پیش کریں۔ اِس موقع پر مصری قراء نے اپنے مخصوص لحن میں قرأت کلام پاک کا مظاہرہ کیا۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی نے قرأت کلام پاک سے قبل شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ جب کبھی قرآن مجید کی تلاوت ہو اُس کا احترام کرتے ہوئے خاموشی کے ساتھ اُس کی سماعت کریں تاکہ قرآن کی عظمت کا اظہار ہو اور احترام کے باعث ہمیں اُس کا اجر و ثواب بھی حاصل ہو۔ جناب الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اِس موقع پر تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا اور چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے علاوہ دیگر معززین کی شال پوشی کی۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اِس موقع پر چارمینار کا یادگار تحفہ پیش کیا گیا۔ مولانا حافظ صابر پاشاہ نے ابتداء میں قرأت کلام پاک پیش کی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT