Tuesday , October 23 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو بے جا رسوما ت و فضول خرچی سے اجتناب کی تلقین

مسلمانوں کو بے جا رسوما ت و فضول خرچی سے اجتناب کی تلقین

کریم نگر میں مسلم بہبود کمیٹی کے تعاون سے دوبدو پروگرام ‘ مفتی ندیم الدین و دیگر کا خطاب
کریمنگر 20 نومبر ( سیاست نیوز) اسلام و شریعت کی روشنی میں رشتوں کو تلاش کرتے ہوئے نکاح کو آسان بنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار مفتی ندیم الدین صدیقی صدر کُل ہند علماء کونسل نے کریم نگر میں روزنامہ ’سیاست‘ و مسلم ڈیولپمنٹ فورم اور مسلم بہبود کمیٹی کے تعاون کے اردو بھون میں منعقدہ چوتھے دوبدو ملاقات پروگرام کی اختتامی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ نکاح کو آسان بنائیں ۔ دولت کے بل پر شہرت کیلئے بیجا رسومات و فضول خرچی کو اپنا شعار نہ بنائیں بلکہ دولت کو اولاد کی تعلیم و تربیت پر خرچ کریں اور مسلم معاشرہ میں پھیلے بیجا رسم و رواج کو ختم کرنے میں رول ادا کریں ۔ ملک کے حالات انتہائی سنگین ہیں اور مسلم لڑکیاں غیر مسلموں کے ساتھ شادی رچا رہی ہیں جس کا اہم سبب لین دین جہیز کی بناء پر شادیاں نہ ہونا ہے ۔ ایسے حالات میں ہم کو شریعت و اسلام کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم مسلم سماج میں تبدیلی پیدا کرنے جدوجہد کریں ۔ انہوں نے مسلم سماج میں سیدوں کی لڑکیوں کی شادی سے متعلق جو توہمات ہیں ان کی مذمت کی ۔ جناب عابد صدیقی صدر میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم نے اہم باتوں پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں یہ سوچنا ہے کہ کیا ہم مسلمان ہیں ۔ ہاں ہم اللہ کے فضل سے مسلمان ہیں تو ہم اللہ اور اس کے رسولؐ کے راستوں پر چل کر دین و دنیا میں سرخرو حاصل کریں ۔ انہوں نے حقوق العباد کی پامالی ان سے معافی مانگنا پڑتا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ آپ کے گناہوں کو تو معاف اپنے فضل سے کرسکتا ہے لیکن حقوق العباد کے معاملہ میں اللہ تعالیٰ ان سے معافی مانگنے کا حکم دیتا ہے ۔ انہوں نے اسلام میں جہیز کے مطالبہ کرنے کو حرام قرار دیا ۔ جناب عابد صدیقی نے کہا کہ ملک کے حالات آج انتہائی سنگین ہیں ‘ اب مسلمانوں میں اپنے انداز و فکر و سوچ میں تبدیلی لانے ان کی کردار سازی کرنے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر ’سیاست‘کی کاوشوں سے مسلمانوں میں شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ قبل ازیں جناب سید محی الدین صدر مسلم بہبود کمیٹی نے میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کے آرگنائزر پریسیڈنٹ جناب محمدعبدالقدیر کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ۔ بعد ازاں انہوں نے کہا کہ آج سماج میں مزید دولت کے حرص و ہوس میں یا مزید دولت مند بن جانے پر خواہ مخواہ شادی شدہ زندگی کو برباد کرتے ہوئے لڑکیوں کو طلاق دے رہے ہیں جو معیوب اور شریعت میں ناپسندیدہ عمل ہے ۔ رزق اپنی کاوشوں سے نہیں بلکہ اپنے مقدر اللہ تعالیٰ کی رحمت اور ان سے وابستہ خاندان اور اہلیہ کے مقدر سے حاصل ہوتا ہے ۔ اس بات کو دھیان میں رکھنا چاہیئے ۔ دولت آج رہتی اور کل چلے جائے گی ‘ اس پر ناز نہ کریں بلکہ اسلامی اصولی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اپنی زندگی میںخوشحالی کیلئے اللہ سے دعا کریں ۔ شہ نشین پر جناب انور الدین ایم ڈی ایف ‘ جناب سید اصغر حسین ایم ڈی ایف ‘ احمد صدیقی مکیش موجود تھے ۔ محمد ریاض علی رضوی نائب صدر مسلم بہبود کمیٹی نے اجلاس کی کارروائی انجام دی ۔ حافظ و قاری سید شاہ محمد قادری امام و خطیب کی قرات کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ سید معز الدین قادری ‘ احمد صدیقی مکیش حیدرآباد نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا ۔ ضیاء الدین احمد ریٹائرڈ انجنیئر جنرل سکریٹری مسلم بہبود کمیٹی ‘ سید عرفان الحق نائب صدر ‘ سید مخدوم علی جوائنٹ سکریٹری ‘سید ضمیر الدین احمد خازن مسلم بہبود کمیٹی کریم نگر اراکین عاملہ سید امام الدین جرنلسٹ ‘ محسن محی الدین جرنلسٹ ‘ اسد عبداللہ جرنلسٹ مجاہد خان جرنلسٹ ‘ سعادت علی صدیقی جرنلسٹ ‘ سید مستان نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔

TOPPOPULARRECENT