Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کا مطالبہ پاگل پن

مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کا مطالبہ پاگل پن

دستور میں دیئے گئے حقوق کوئی چھین نہیں سکتا: سید یوسف ہاشمی

دستور میں دیئے گئے حقوق کوئی چھین نہیں سکتا: سید یوسف ہاشمی
حیدرآباد /14 اپریل (سیاست نیوز) سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی نے مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کردینے کے مطالبہ کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی طاقت یہ اختیار مسلمانوں سے چھین نہیں سکتی اور نہ ہی ایسی باتوں کو مسلمان برداشت کریں گے۔ انھوں نے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ایوان کی رکنیت کا حلف لیتے وقت تمام مذاہب کے احترام کا وعدہ کرنے والے قائدین کو سماج کے تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہئے، تاہم سنجے راوت آمریت، فسطائیت اور پاگل پن کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان ہندوستان میں برابر کے حصہ دار ہیں اور ملک کو آزادی دلانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آر ایس ایس، وشوا ہندو پریشد، بجرنگ دل اور شیو سینا جیسی فرقہ پرست تنظیمیں مسلمانوں کو اس ملک میں دوسرے درجہ کا شہری بنانا چاہتی ہیں، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ مسلمان اس ملک کی دوسری بڑی اکثریت ہیں۔ اس ملک پر جتنا حق ہندوؤں کا حق ہے، اتنا ہی مسلمانوں اور دیگر طبقات کا بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کے اشتعال انگیز بیانات سے ملک کی سالمیت اور سیکولرازم کو خطرہ ہے، اس لئے سماج کے تمام طبقات، سیکولر ذہن رکھنے والے دانشوروں اور تمام سیاسی جماعتوں کو فرقہ پرستی کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی مفاد کے لئے اکثریتی اور اقلیتی طبقات کے درمیان دوری پیدا کرنے سے ملک کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ پیدا ہوگی، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT