Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کا مطالبہ

مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کا مطالبہ

حکیم پیٹ میں ٹی آر ایس کے اجلاس میںسینئرقائدین ایم ہنمنت راؤ اورمحمد اعظم علی کو یادداشت

حیدرآباد۔14ستمبر ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں 12فیصد تحفظات کے لئے جاری تحریک اب شدت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی جدوجہد میں شامل مسلم نوجوان اب ایسا کوئی موقع نہیں چھوڑنا چاہتے جہاں نمائندگی کی جاسکتی ہے ۔ اپنے محلوں ‘ بستیوں اور وارڈز و ڈیویژن میں جہاں کہیں کوئی پروگرام یا سیاسی عوامی منتخبہ نمائندوں کے دورہ اور سرکاری عہدیداروں کی موجودگی و آمد پر مسلم نوجوان وہاں پہنچ رہے ہیں ‘ یہاں تک کہ اپنی مصروفیت اور کاروبار کو چھوڑ کر مسلم تحفظات کیلئے نمائندگی کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ ایسا ہی ایک واقعہ آج حکیم پیٹ ٹولی چوکی میں پیش آیا ‘ جہاں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے پہنچے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سرگرم قائد اعظم علی اور صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی گریٹر حیدرآباد مسٹر ایم ہنمنت راؤ کو مسلم نوجوانوں نے ایک یادداشت پیش کی اور مسلمانوں کے مسائل کے ساتھ ساتھ 12فیصد مسلم تحفظات کیلئے جاری روزنامہ ’’سیاست‘‘ کی تحریک سے واقف کروایا۔حکیم پیٹ کے علاقہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کیلئے ایک تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ اس کی اطلاع مسلم نوجوانوں کو دستیاب ہوئی جس کے بعد مسلم تحفظات کی روزنامہ ’’سیاست‘‘  کی تحریک سے متاثر نوجوانوں کا ایک گروپ جمع ہوگیا اور تقریب گاہ کا رُخ کیا جہاں پہلے تو انہیں کچھ دیر کیلئے مشکل پیش آئی تاہم قائد ٹی آر ایس و فرزند ڈپٹی چیف منسٹر محمد اعظم علی نے نوجوانوں کی طرف اپنی توجہ مبذول کی اور ان سے استفسار کیا ۔ تاہم مسلم نوجوانوں نے 12فیصد مسلم تحفظا کا ذکر کیا تو صدر گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس پارٹی کو بھی مجبوراً متوجہ ہونا پڑا ۔ محمد اعظم علی نے تحریک کے تعلق سے صدر ٹی آر ایس کو واقف کروایا اور خوشگوار انداز میں مسلم نوجوانوں سے یادداشت حاصل کی اور انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے نمائندگی کریں گے اور روزنامہ ’’سیاست‘‘ کی اس تحریک سے چیف منسٹر کو واقف کروائیں گے ۔ اس موقع پر شیخ عظیم ٹولی چوکی انچارج ‘ نیاز ‘ عماد ‘ جاوید ‘ صابر اور شریف موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT