Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کیلئے کانگریس کی دستخطی مہم کا حوصلہ افزاء ردعمل

مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کیلئے کانگریس کی دستخطی مہم کا حوصلہ افزاء ردعمل

دو لاکھ عوام کی حمایت و تائید ، ادارہ سیاست کی شعور بیداری تحریک کے مثبت نتائج
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی 12 فیصد مسلم تحفظات دستخطی مہم کو عوام کا حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ 2 لاکھ عوام نے تائید میں دستخطیں کیں ہیں صرف آج جمعہ کے دن دونوں شہروں میں ایک لاکھ دستخطیں حاصل کی گئی ہیں جبکہ کئی مساجد سے امام اور خطیب نے بھی اپیل کی ہے ۔ روزنامہ سیاست کی جانب سے شروع کردہ 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک سے مسلمانوں میں شعور بیدار ہوچکا ہے ۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے کانگریس کی جانب سے شروع کردہ دستخطی مہم کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ نوجوان ، طلبہ ، علمائے و مشائخین ، مرد و خواتین تحریک کی تائید کرنے کے معاملے میں جو جوش و خروش دیکھا رہے ہیں وہ ناقابل ستائش ہے ۔ 4 اپریل کو گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے دستخطی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ 8 اپریل تک 2 لاکھ عوام نے دستخطیں کرتے ہوئے تحریک کی مکمل تائید کی ہے ۔ آج جمعہ کے دن بھی مساجد کے باہر ایک لاکھ مسلمانوں نے دستخطیں کی ہیں دونوں شہروں کے کئی مساجد میں امام و خطیب نے 12 فیصد مسلم تحفظات کی اہمیت و افادیت بتاتے ہوئے تحریک کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کیا ہے ۔ کانگریس کے مقامی قائدین اور کارکن گھر گھر پہونچکر 12 فیصد مسلم تحفظات کی تائید میں دستخطیں حاصل کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ سوشیل میڈیا ، فیس بک ، واٹس اپ پر بھی عوام اپنی تائید کا اعلان کرتے ہوئے تحریک کو مستحکم کرنے میں ذمہ دارانہ رول ادا کررہے ہیں ۔ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے دستخطی مہم شروع کرنے کے کوئی سیاسی محرکات نہیں ہے بلکہ ہم عوام کی رائے سے حکومت کو واقف کرانے کے لیے 10 لاکھ دستخطیں حاصل کرنے کی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ اس مہم کا کوئی سیاسی یا خفیہ ایجنڈہ نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات4  ماہ میں دینے کا وعدہ کیا تھا اس کی یاد دہانی کے لیے کانگریس نے تحریک کا آغاز کیا ہے کیوں کہ کانگریس کی جانب سے دئیے گئے 4 فیصد مسلم تحفظات سے لاکھوں مسلمانوں کو فائدہ پہونچا ہے ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات سے مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی ، پسماندگی بڑی حد تک دور ہوجائے گی ۔ کانگریس پارٹی جمہوری انداز میں حکومت پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ کانگریس قائدین نے ان کی جانب سے شروع کردہ دستخطی مہم کو روزنامہ سیاست کی تائید بالخصوص نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کی حمایت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ سیاست کی جانب سے 6  ماہ قبل ہی 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک کا آغاز ہوگیا ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے تلنگانہ کے چپے چپے کا دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں میں 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے شعور بیدار کیا ہے ۔ جس سے ہمیں دستخطیں حاصل کرنے میں آسانی ہورہی ہے ۔ ساتھ ہی کانگریس کی دستخطی مہم کی تائید کرنے پر جمعیت العلماء سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ تحریک کو باقاعدہ بنانے اور تحریک میں شامل قائدین اور کارکنوں کے درمیان رابطہ پیدا کرنے کے لیے گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مسٹر سید نظام الدین کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ای میل کے ذریعہ عوام دستخطی مہم کی تائید کررہے ہیں ۔ 20 ہزار ایس ایم ایس حاصل ہوچکے ہیں انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ 20 اپریل تک 10 لاکھ دستخطیں حاصل کرلیے جائیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT