Tuesday , October 23 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کیلئے حج سبسیڈی پر روک ، عیسائی طبقہ کو یروشلم دورہ کی مفت سہولت

مسلمانوں کیلئے حج سبسیڈی پر روک ، عیسائی طبقہ کو یروشلم دورہ کی مفت سہولت

مسلمانوں کیساتھ سیاسی انتقام ، محمد خواجہ فخرالدین کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ /15 فبروری(سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخرالدین نے حج سبسیڈی برخواست کرنے کے بعد بی جے پی کی جانب سے عیسائی طبقہ کو مفت یروشلم روانہ کرنے کا فیصلہ کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی پر مسلمانوں سے سیاسی انتقام لینے کا الزام عائد کیا ۔ بی جے پی کے اس فیصلہ پر اپنے موقف کا اظہار کرنے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے مطالبہ کیا ۔ محمد خواجہ فخرالدین نے کہا کہ حج سبسیڈی برخواست کرنے کے ٹھیک ایک ماہ بعد ناگالینڈ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عیسائی طبقہ کو رجھانے کیلئے بی جے پی نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ کیونکہ ناگالینڈ میں عیسائی طبقہ کی 88 فیصد آبادی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ابھی تک اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو ووٹ بنک کی طرح استعمال کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کیا تھا ۔ بی جے پی کو ووٹ نا دینے پر مسلمانوں سے سیاسی انتقام لینے کیلئے حج سبسیڈی کو برخواست کردیا ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے مرکز کے اس فیصلے کی مدافعت کی تھی اور سبسیڈی خرچ کئے جانے والے 700 کروڑ روپئے اقلیتوں کی تعلیم بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ جاریہ سال 24 لاکھ کروڑ کا مرکزی حکومت نے بجٹ پیش کیا ہے ۔ اقلیتوں کیلئے بجٹ میں صرف 505 کروڑ کا اضافہ کیا ہے ۔ وعدے کے مطابق برخواست کردہ حج سبسیڈی کے 700 کروڑ روپئے کو اقلیتی بجٹ میں بھی شامل نہیں کیا ہے ۔ محمد خواجہ فخرالدین نے حج سبسیڈی کی برخواستگی کے بعد یروشلم کا مفت سفر کرانے کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سبسیڈی کوئی بھی ہو سب کیلئے ایک جیسی ہونی چاہئیے ۔ مسلمانوں کی حج سبسیڈی برخواست کرنا ہندوؤں کیلئے مانسوورم کیلئے سبسیڈی جاری کرنا عیسائیوں کیلئے مفت یروشلم کا دورہ کرانے کا اعلان کرنا درست نہیں ہے ۔ بی جے پی مذہبی معاملت میں مداخلت کرتے ہوئے آگ سے کھیلنے کی کوشش کررہی ہے ۔ حج سبسیڈی کی برخواستگی کے بعد طلاق ثلاثہ پر نئی قانون سازی کرتے ہوئے مسلمانوں کے مذہبی معاملت میں بیجا مداخلت کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی کی اس ناپاک کوشش کو کانگریس کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔

TOPPOPULARRECENT