Wednesday , July 18 2018
Home / Top Stories / مسلمانوں کی ترقی و تحفظ مفادات کیلئے کانگریس کا ایجنڈہ

مسلمانوں کی ترقی و تحفظ مفادات کیلئے کانگریس کا ایجنڈہ

رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد کی پیشکشی ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے مسلمانوں کی ترقی و مفادات کے تحفظ کو کانگریس کا ایجنڈہ قرار دیا ۔ فیس بک پر لائیو خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد پیش کی ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے کو پورا نہ کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ پر الزام عائد کیا ۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعہ آج اتم کمار ریڈی نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس سیکولر نظریات کی حامل اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کا ایجنڈا رکھنے والی واحد جماعت ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ۔ 4 فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی کانگریس کے کارناموں میں شمار ہوتا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے پر اندرون 4 ماہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اقتدار کے 4 سال مکمل ہونے کے باوجود مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ بی جے پی سے خفیہ سازباز کرنے والی ٹی آر ایس نے پارلیمنٹ میں ڈرامہ بازی کرتے ہوئے مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ کانگریس کی جانب سے فراہم کئے گئے تحفظات سے لاکھوں مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے سماج کے تمام طبقات کے ساتھ مسلمانوں کو مساوی حقوق فراہم کرنے کی تلقین کی ہے ۔ جس پر وہ عمل کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے زیر قیادت مرکز میں این ڈی اے حکومت تشکیل پانے اور نریندر مودی کے وزیراعظم بن جانے کے بعد ملک میں فرقہ وارانہ فسادات میں اضافہ ہوگیا ۔ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں مثلا گجرات ، راجستھان ، اترپردیش کے علاوہ دوسری ریاستوں میں بی جے پی ، آر ایس ایس اور سنگھ پریوار کے غنڈوں نے اقلیتوں پر حملے کئے انہیں ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے ۔ این ڈی اے حکومت سماج کو فرقہ پرستی کی بنیاد پر تقسیم کررہی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس پارٹی ہی ملک میں فرقہ پرستوں کا مقابلہ کررہی ہے ۔ انہوں نے مقدس ماہ رمضان کے دوران مسلمانوں کو امن و امان اور قومی یکجہتی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے جھوٹے وعدوں کے ذریعہ سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دینے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ مسلمانوں اور قبائلی طبقات کو وعدے کے مطابق 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے میں ناکام ہوجانے دلت طبقات کو 3 ایکڑ اراضی اور غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کرنے میں ناکام ہوجانے کا الزام عائد کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے پرجا چیتنیہ بس یاترا کو کامیاب قرار دیتے ہوئے 35 اسمبلی حلقوں میں منعقدہ جلسوں میں عوام نے بھاری تعداد میں رضاکارانہ طور پر شرکت کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت سے اپنی ناراضگی کا ثبوت دیا ہے ۔ انہوں نے 19 مئی تک بس یاترا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT