Wednesday , December 19 2018

مسلمانوں کے ساتھ تلنگانہ میں انصاف ہوگا

میدک میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے عوام سے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی اپیل

میدک میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے عوام سے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی اپیل
حیدرآباد۔8ستمبر ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ایک مکمل سیکولر پارٹی ہے اور عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جبکہ کانگریس موقع پرست اور بی جے پی فرقہ پرست پارٹیاں ہیں ۔ دونوں پارٹیوں کو تلنگانہ کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کی کامیاب جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا اور پھر عوام نے ٹی آر ایس پر مکمل بھروسہ کرتے ہوئے اسے اقتدار کی باگ ڈور حوالے کی ‘ چنانچہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت عوام کے تمام طبقات اور ریاست کے ہر شعبہ کی ہمہ جہت ترقی پر توجہ دے رہی ہے ۔ مسلمانوں کے ساتھ نئی تشکیل شدہ ریاست میں مکمل انصاف کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پارلیمانی حلقہ میدک کے ضمنی انتخابات کے نتائج حیران کن ہوں گے ۔ کانگریس اور بی جے پی امیدواروں کو شکست فاش ہوگی جبکہ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب ہوں گے ۔ انہوں نے ترقیاتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کسانوں کا قرض معاف کیا جارہا ہے ‘ تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کا منصوبہ ہے ۔ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مسلم غریب لڑکیوں کی شادیوں کیلئے فی کس 51ہزار روپئے کی فراہمی ‘ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور غیرمجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے ٹی آر ایس حکومت عملی اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے پارلیمانی حلقہ میدک کے ضمنی انتخابات میں ویلفیر پارٹی آف انڈیا اور مسلم ریزرویشن فرنٹ کی جانب سے ٹی آر ایس کی تائید و حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ٹی آر ایس پارٹی مضبوط ہوگی بلکہ سیکولرازم کو استحکام حاصل ہوگا چونکہ سیکولر پارٹیوں کا متحد ہونا وقت کا تقاضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی فلاح و بہبود و ترقی کیلئے حکومت پابند عہد ہے ۔

TOPPOPULARRECENT