Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلمانوں کے مسائل پر ادارہ سیاست کی گرانقدر خدمات

مسلمانوں کے مسائل پر ادارہ سیاست کی گرانقدر خدمات

سیاست انگلش ویکلی کی اجرائی پر مبارکباد ،جناب عامر علی خان سے محمد فخرالدین کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 17 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے روزنامہ سیاست کی جانب سے سیاست انگلش ویکلی انگریزی اخبار شروع کرنے پر نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے کانگریس کے قائدین سید فاروق پاشاہ قادری، یوسف بن ناصر کے ساتھ سیاست دفتر پہنچ کر جناب عامر علی خان سے ملاقات کی اور کہا کہ روزنامہ سیاست کی صحافتی، سماجی، ملی اور تہذیبی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے مسلمانوں کے مسائل پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی کبھی مصلحت پسندی سے کام لیا ہے۔ ہر مسئلہ کو اٹھانے میں سرفہرست رہے ہیں انکی سرپرستی میں ان کے فرزند نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان 12 فیصد مسلم تحفظات کے تعلق سے شہر و اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے نہ صرف مسلمانوں میں شعور بیدار کررہے ہیں بلکہ یادداشتوں کی شکل میں حکومت پر جمہوری انداز میں دباؤ بنانے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ ویسے تو کئی انگریزی اخبارات موجود ہیں مگر ان اخبارات میں اردو کے ہوں یا مسلمانوں کے مسائل ان کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی جبکہ انگریزی اخبارات کا مطالعہ کرنے والے مسلمانوں کی اکثریت ہے۔ صرف مسلمانوں سے متعلق منفی خبروں کو ہی اہمیت دی جاتی تھی۔ سماج میں مسلمانوں کے ایک انگریزی اخبار کی ضرورت تھی جس کی ذمہ داری معیاری اور 50 سالہ صحافتی تجربہ رکھنے والے روزنامہ سیاست نے قبول کی ہے جس سے مسلمانوں میں ایک نئی امید کی کرن پیدا ہوئی ہے کیونکہ روزنامہ سیاست ایک پروفیشنل اخبار ہے اور مسلمانوں کے مسائل کو پیش کرنے میں ہمیشہ ذمہ دارانہ رول ادا کیا ہے۔ سرکاری ملازمین اور عوامی منتخب نمائندے اردو تحریر سے واقف نہیں ہیں۔ چیف منسٹر کا دفتر ہو یا کہ اضلاع کلکٹر کے دفاتر میں مسلمانوںکے مسائل پر شائع ہونے والی خبروں کو ترجمہ کرکے پیش کیا جاتا ہے۔ سیاست نے ان تمام مسائل کو دور کردیا ہے۔ اب ہفت روزہ سیاست اخبار راست حکمرانوں اور عوامی منتخب نمائندوں تک پہنچے گا جس سے انہیں بھی مسلمانوں کے مسائل کو سمجھنے اور اس کا حل دریافت کرنے میں آسانی ہوگی۔ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین نے جناب عامر علی خان سے خواہش کی کہ وہ ہفت روزہ انگریزی اخبار کو بہت جلد روزنامہ میں تبدیل کردیں اور مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سیاست کے ہفت روزہ انگریزی اخبار کو اپنے گھروں کی زینت بنائیں۔

TOPPOPULARRECENT